سی این جی کی نئی ٹیکنالوجی، ہلکے اور پائیدار سلنڈر متعارف کروائے جا رہے ہیں جس سے صارفین کے ایندھن کے اخراجات مزیدکم ہو جائیں گے ، آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن

بدھ 15 مارچ 2017 10:11

سی این جی کی نئی ٹیکنالوجی، ہلکے اور پائیدار سلنڈر متعارف کروائے جا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2017ء) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی چئیرمین غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت اضافہ کے باعث سی این جی دوبارہ مقبول ہو رہی ہے جو ماحول، صارفین اور اس کاروبار سے متعلقہ افراد کیلئے خوش آئند بات ہے۔ سی این جی پر عوام کا اعتماد بڑھ رہا ہے اور گیس سٹیشنز پر دوبارہ رونقیں بحال ہو رہی ہیں۔

غیاث پراچہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب میں سی این جی کی قیمتیں جلد کم ہونا شروع ہو جائیں گی جس سے یہ ایندھن عوام میں مزید مقبول ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کئی سال تک تیل کی قیمتیں کم رہنے کی وجہ سے سی این جی کا کاروبار متاثر ہوا تھا جو بحال ہو رہا ہے۔ اپریل 2102ء کے بعد سے جب پٹرول کی قیمت ایک سو روپے فی لیٹر سے بڑھ گئی تو سی این جی والی گاڑیوں کے مالکان کو ایندھن کی قیمت کی مد میں پچاس فیصد بچت ہوئی جبکہ اکتوبر2013ء میں پٹرول کی قیمت 113 روپے سے تجاوز کر گئی تو عوام کو مزید بچت ہوئی۔

(جاری ہے)

نومبر2014ء سے تیل کی قیمت کم ہونا شروع ہوئی تو لوگ پٹرول کو ترجیح دینے لگے مگر اب تیل کی قیمت میں استحکام کے بعد حالات سی این جی کی صنعت کی موافق ہو رہے ہیں اور عوام دوبارہ سی این جی کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی این جی کی نئی ٹیکنالوجی اور ہلکے مگر پائیدار سلنڈر متعارف کروائے جا رہے ہیں جس سے صارفین کے ایندھن کے اخراجات مزیدکم ہو جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ سی این جی کٹس کی درآمد پر کئی سال تک پابندی رہی ہے جس کی وجہ سے طلب اور رسد میں عدم توازن پیدا ہو گیا ہے۔ اس وقت ملک میں بیس لاکھ گاڑیوں کو ماحول دوست ایندھن سی این جی پر منتقل کرنے کی گنجائش موجود ہے۔