ہم نے کسی کو غیرقانونی ویزے جاری کرنے کا نہیں کہا،حسین حقانی کی اتنی اہمیت نہیں ہے کہ ان کی بات کا جواب دیا جائے، کسی سے محب وطن ہونے کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا حسین حقانی کے بیان پر ردعمل

منگل 14 مارچ 2017 22:51

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مارچ2017ء) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے حسین حقانی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی سے محب وطن ہونے کا سرٹیفیکٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے،حسین حقانی کی اتنی اہمیت نہیں ہے کہ ان کی بات کا جواب دیا جائے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق احمدپورسیال کے علاقے میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سا بق سفیر حسین حقانی کے متنازع بیان پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی کو غیرقانونی ویزے جاری کرنے کا نہیں کہاتھا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی خفیہ ایجنسی دنیا کی بہترین ایجنسی ہے ،انہیں سب کچھ معلوم ہوتا ہے کہ کیا کچھ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حسین حقانی پرمیموگیٹ کا الزام تھا ،ان کو میں نے اور زرداری صاحب نے وطن واپس بلایا تھا کہ آپ کے اوپرالزامات ہیں ،ہم آپ کیخلاف تحقیقات کریں گے ۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں نے حسین حقانی کو خود کہا کہ آپ استعفیٰ دے دیں تاکہ آپ پر لگے ہوئے الزامات کی شفاف تحقیقات ہوسکیں۔تمام اداروں کی مشاورت سے حسین حقانی سے استعفیٰ لیا ۔