طے شدہ فارمولے کے تحت ضلع صوابی میں تمباکو سیس فنڈز کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے،سپیکراسدقیصر

منگل 14 مارچ 2017 22:21

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2017ء)سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصرکی زیر صدارت ضلع صوابی کو تمباکو سیس فنڈز کے بقایاجات اور صوابی کے 6صوبائی اسمبلی کے حلقہ جات کے مابین فنڈز کی تقسیم کے فارمولے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس منگل کے روز صوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں منعقدہ ہوا ۔اجلاس میں سینئر وزیر برائے صحت وانفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان تراکئی ،وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت وتجارت عبدالکریم خان ،ایم پی اے بابرسلیم ،شیرازخان، سیکرٹری محکمہ قانون محمد عارفین ،سیکرٹری ایکسائز وٹیکسیشن جاویدمروت ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صوابی طارق علی خان اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں تمباکو سیس فنڈز کی تقسیم کے طریقہ کا ر بقایاجات اور فنڈز کی ریلیز میں حائل رکاوٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں بعض اہم فیصلے بھی کئے گئے۔

(جاری ہے)

محکمہ خزانہ کے حکام نے اجلاس کے شرکاء کو 2012سے لے کر اب تک تمباکو سیس فنڈز کی مد میں ضلع صوابی کو جاری کئے جانے والے فنڈز کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سال2012-13 میں تمباکو سیس کی مدمیں صوابی کو114ملین روپے جاری کئے گئے، 2013-14اور2014-15میں صوابی سے تعلق رکھنے والے ممبران کے مابین فنڈز کی تقسیم کے فارمولے پر اتفاق نہ ہونے کے سبب فنڈز جاری نہ ہوسکے ۔

حکام نے مزید بتایا کہ سال 2015-16میں 55ملین روپے جاری کئے گئے جبکہ 56ملین کے بقایا جات ادا کرنا باقی ہیں ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ضلع صوابی کو سال 2016-17کے علاوہ 285ملین روپے کے بقایاجات تمباکو سیس کی مد میں جاری کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے تمبا کو سیس فنڈز کی تقسیم کے فارمولے پر بھی بحث کی اور اس امر پر اتفاق کیا گیاکہ سال2012-13کی تقسیم کی بنیاد پر باقی 4سالوں کے بقایاجات بھی تقسیم کئے جائیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ PK-36کا فنڈز میں حصہ کم ہونے کی وجہ سے پی کے 31-32-34اورپی کے 35کے حصے سے ایک فیصدکٹوتی کرکے پی کی36کے حصے میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ پی کے ۔33کا حصہ پرانے فارمولے کے مطابق بدستور قائم رہے گا ۔اس موقع پر سپیکراسدقیصرنے سیکرٹری ایکسائز اورمحکمہ خزانہ کے حکام کو ہدایت کی کہ تقسیم کے نئے فارمولے کے مطابق ضلع صوابی کو تمباکو سیس فنڈز کے بقایاجات کی فوری ادائیگی کیلئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی منظوری کے لئے سمری ارسال کی جائے ۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر صوابی کو ہدایت کی کہ طے شدہ فارمولے کے تحت ضلع صوابی میں تمباکو سیس فنڈز کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے ۔سپیکر نے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ تمباکو سیس فنڈز کی تقسیم پر تمام ممبران کا متفق ہونا انتہائی خوش آئندہ امر ہے انہوں نے کہا کہ تمباکو سیس فنڈز کے اجراء سے صوابی کی ترقی وخوشحالی میں بھرپور مدد ملے گی ۔اسدقیصرنے کہا کہ فنڈز کے ذریعے صوابی میں مواصلات ،آبپاشی ،زراعت اورتعلیم کے علاوہ دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کیا جائے گا جس سے علاقے میں تعمیر وترقی کے حکومتی وعدوں کی تکمیل ممکن ہو سکے گی۔