مردم شماری کے حوالے سے سمری اور ڈیٹا کو ویب سائٹ پر بھی رکھا جائے، وزیراعلیٰ سندھ

منگل 14 مارچ 2017 23:25

مردم شماری کے حوالے سے سمری اور ڈیٹا کو ویب سائٹ پر بھی رکھا جائے، وزیراعلیٰ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شا ہ نے کہا ہے کہ چھٹی مردم شماری کے موقع پر مردم شماری کرنے والوں کو گھر کے افراد کے نام اور افراد کی تعداد سمیت تمام تر ضروری معلومات اور اس حوالے سے جو بھی سمری اور ڈیٹا تیار ہو اس کو ویب سائٹ پر بھی رکھا جائے اور ڈسٹرکٹ آفیسرز مردم شماری کو بھی ہدایت کی جائے کہ اگر عوام ویب سائٹ پر اسے دیکھنا چاہیں تو وہ بھی اسے دیکھ سکیں، اگر کسی شہری کو اس پر اعتراض ہو تو اس کے تدارک کے لئے کوئی طریقہ کار اور مکینزم بھی ہونا چاہئے۔

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے گڈاپ میں ایم پی اے اور معاون خصوصی برائے کچی آبادیز مرتضیٰ بلوچ کے ظہرانے کی دعوت میں شرکت کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گھروں کی گنتی اور مردم شماری میں سندھ کی عوام کو بھرپور طریقے سے حصہ لینا چاہئے اور اپنے گھر کے تمام افراد کی صحیح معلومات مردم شماری کرنے والی ٹیم کو فراہم کریں اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ہمارے پاس ایک ایک گھر کی صحیح معلومات پہنچ سکے اور ڈیٹا جمع کرنے والی ٹیم باآسانی اپنے کام کو صحیح طریقے سے کر سکیں۔

اس موقع پر صوبائی وزراء نثار احمد کھوڑو، مکیش کمار چائولہ، گیان چند اسرانی، اور ایم پی ایز امتیاز شیخ ، ڈاکٹر سکندر شورو سمیت پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پارٹی کارکنوں سے ملاقات بھی کی اور ان سے مسائل بھی معلوم کئے۔

متعلقہ عنوان :