حکومت کی معاشی پالیسیوں کا اعتراف عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں کررہی ہیں، محمد نواز شریف

پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کیلئے دنیا بھر میں پرکشش ملک بن چکا ، مختلف بڑے سرمایہ کار ادارے ،کمپنیاں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنیوالے اداروں ،کمپنیوں کو مکمل مراعات ، تحفظ فراہم کرینگے،تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے، سی پیک منصوبہ عالمی سطح پر معاشی گیم چینجر ہے سی پیک کی تکمیل سے پاکستان کی معیشت نہ صرف مضبوط ہوگی بلکہ ہزاروں لوگوں کو روزگار میسر آئے گا، وزیراعظم کی گورنر ہائوس میں تاجروں سے ملاقات میں گفتگو

منگل 14 مارچ 2017 23:12

حکومت کی معاشی پالیسیوں کا اعتراف عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2017ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کا اعتراف عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں کررہی ہیں۔ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے لئے دنیا بھر میں پرکشش ملک بن چکا ہے۔ مختلف بڑے سرمایہ کار ادارے اور کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں۔

پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ جو سرمایہ کار ادارے اور کمپنیاں پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گے، حکومت انہیں مکمل مراعات اور تحفظ فراہم کرے گی۔ وفاقی حکومت ملک بھر میں تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے لئے تاجر دوست پالیساں بنا رہی ہے۔ ہم تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

(جاری ہے)

سی پیک منصوبہ عالمی سطح پر معاشی گیم چینجر ہے۔ سی پیک کی تکمیل سے پاکستان کی معیشت نہ صرف مضبوط ہوگی بلکہ ہزاروں لوگوں کو روزگار میسر آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو گورنر ہائوس میں معروف کاروباری شخصیات اور تاجروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2013ء میں جب ہم نے حکومت سنبھالی تھی تو ملک میں امن وامان کی صورت حال خراب تھی۔

دہشت گردی، توانائی کے بحران اور معاشی صورت حال بہتر نہ ہونے کے بڑے چیلنجز درپیش تھے لیکن موجودہ حکومت نے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے انتھک محنت کی۔ آج پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ حکومت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں بنا رہی ہے۔ اقتصادی راہداری پاکستان کی معاشی ترقی کی علامت ہے۔ سی پیک منصوبہ سرمایہ کاری اور روزگار کی دولت سے مالامال منصوبہ ہے۔

سی پیک کی تکمیل کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ سی پیک کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ سی پیک منصوبے کو ہر ممکن تحفظ فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں پاکستان کی معاشی ترقی کی بحالی کو تسلیم کررہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی صورت حال آج بہتر ہوگئی ہے۔

کراچی میں معمول کے مطابق آج کاروبار ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2016ء میں اقتصادی ترقی کی شرح 4.4 فیصد رہی جو گزشتہ 8 سالوں کے مقابلے میں سب سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں گے۔ حکومت سستی اور ماحول دوست توانائی کے حصول کے لئے منصوبہ بنا رہی ہے اور ان منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔

کراچی میں میگا پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر عمر، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی وزراء احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق اور دیگر بھی موجود تھے۔ تاجروں نے وزیراعظم کو کراچی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے تاجروں کو مسائل کے حل کے لئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

قبل ازیں وزیراعظم سے گورنر ہائوس میں گورنر سندھ محمد زبیر عمر، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی سمیت صوبہ بھر میں امن وامان کی صورت حال، میگا پروجیکٹس اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کراچی میں جاری آپریشن اور میگا پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے سندھ حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

بعد ازاں گورنر ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے معروف تاجر عقیل کریم ڈھیڈھی نے بتایا کہ وزیراعظم سے تاجروں کی ملاقات بہت اچھے ماحول میں ہوئی ہے۔ تاجروں نے وزیراعظم کو کراچی کے مسائل سے آگاہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔ عقیل کریم ڈھیڈھی نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم کراچی کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی اقدامات کریں گے۔