سلیمانخیل قومی جرگہ مردم شماری کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتا ہے،نعیم خلجی

کسی کو مردم شماری میں رخنہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دیںگے،پریس کانفرنس

منگل 14 مارچ 2017 23:12

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2017ء) سلیمانخیل قومی جرگہ کے چیئرمین محمد نعیم خلجی نے کہا ہے کہ سلیمانخیل قومی جرگہ مردم شماری کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتا ہے اور کسی کو مردم شماری میں رخنہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دیںگے ، پشتون قوم پرستوں نے عوام کو نعروں اور نفرت کے سوا کچھ نہیں دیا ،قومی جرگہ کے زیر اہتمام اپریل اور مئی میں پشین ،لور الائی اور کوئٹہ میں بڑے جلسے منعقدکریں گے۔

یہ بات انہوں نے منگل کو حاجی شریف ، سردارزادہ عبدالمتین ،سردار نواب خلجی کے ہمراہ اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔محمد نعیم خلجی نے کہا کہ سلیمانخیل قومی جرگہ کا کنونشن 10مارچ کو کوئٹہ میں منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 10اپریل کو پشین ، 26اپریل کو لورالائی اور 15مئی کو کوئٹہ ہاکی گراؤنڈ میں بڑے جلسے منعقد کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ سلیمانخیل قومی جرگے کا بنیادی مقصد سلیمان خیل ،خلجی اوردیگر قبائل کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے اپنے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سلیمانخیل قبائل نے پاکستان کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے ہر قسم کی جانی و مالی قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پشتون قوم پرستوں نے عوام کو نعروں اور نفرت کے سوا کچھ نہیں دیا ہماری کوشش ہے کہ سلیمانخیل قومی جرگہ کے پلیٹ فارم سے تمام قبائل کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کریں ۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سلیمانخیل قومی جرگہ مردہ شماری کی بھر پور حمایت کرتا ہے اورکسی کو صاف و شفاف مردم شماری میں رخنہ ڈالنے کی ہرگزاجازت نہیں دیں گے۔

متعلقہ عنوان :