قوم پاناما کیس کا فیصلہ سننے کیلئے بیتاب ہے ،مردم شماری کا انعقاد خوش آئند ہے‘ صاحبزادہ حامد رضا

پاک فوج قیام امن کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے، امن دشمنوں کے مقابلے کے لیے امن دوست متحد ہو جائیں

منگل 14 مارچ 2017 23:10

قوم پاناما کیس کا فیصلہ سننے کیلئے بیتاب ہے ،مردم شماری کا انعقاد خوش ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2017ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ قوم پاناما کیس کا فیصلہ سننے کیلئے بیتاب ہے جبکہ مردم شماری کا انعقاد خوش آئند ہے،پیپلز پارٹی کے رہنما سہیل بٹ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، امریکہ، بھارت اور اسرائیل پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں،حکمران یاد رکھیں کہ پاکستان کے قیام کی بنیاد کلمہ طیبہ ہے،پاک فوج قیام امن کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے، امن دشمنوں کے مقابلے کے لیے امن دوست متحد ہو جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزیدکہا ہے کہ وہ اپنے عظیم باپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انقلابِ نظامِ مصطفی، استحکامِ وطن، قیام امن، دہشت گردی کے خاتمے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے اور صاحبزادہ فضل کریم کی فکر کو لے کر آگے بڑھتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

سیاسی دکانداروں کی دکانیں بند ہونے والی ہیں۔ پاکستان کے مقدر میں بربادیاں لکھنے والوں کی سیاست جلد دفن ہوجائے گی۔ حکمران طبقات کے ہاتھوں ملک برباد ہو چکا ہے۔ قومی قیادت سیاست میں تلخیوں کو کم کرے۔ تلخیوں کو اتنی ہوا نہیں دینی چاہیے کہ کل اگر مل بیٹھنا پڑے تو مشکل ہو جائے۔اہل قیادت ہی ملک کو بحرانوں اور قوم کو مایوسی سے نکال سکتی ہے۔ ہماری منزل انقلابِ نظامِ مصطفی ہے۔ سنی اتحاد کونسل اہل حق کے حقوق اور مفادات کی جنگ لڑتی رہے گی۔