ریلوے اسٹیشنوں کی ناقص تعمیر اور تکمیل میں تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا،سعد رفیق

زیر تعمیر تمام ریلوے اسٹیشنوں کے سیمپل ٹیسٹ پی سی ایس آر سے کرایا جائے،وزیر ریلوے

منگل 14 مارچ 2017 23:00

ریلوے اسٹیشنوں کی ناقص تعمیر اور تکمیل میں تاخیر کو برداشت نہیں کیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2017ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ملک بھر میں زیر تعمیر تمام ریلوے اسٹیشنوں کے سیمپل ٹیسٹ پی سی ایس آر سے کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے اسٹیشنوں کی ناقص تعمیر اور تکمیل میں تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ ہدایت ریلوے ہیڈ کوارٹرز آفس میں منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی جس میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انور، ایم ڈی اسٹیشن فرخ تیمور غلزئی ،نیسپاک اور ریل کاپ کے حکام نے شرکت کی۔

وزیر ریلوے نے ان رپورٹوں پر شدید برہمی ظاہر کی کہ بعض ٹھیکیدار ناقص میٹریل اور تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے نیسپاک سمیت تعمیراتی کام کی نگرانی کرنے والے اداروں سے کہا کہ وہ کرپٹ ،نااہل اور سست ٹھیکیدار وں سے جان چھڑوا لیں۔

(جاری ہے)

انہیں اب ریلوے میں ہرگزبرداشت نہیں کیا جائے گا ،قومی وسائل لوٹنے والوں کا پیچھا نہیں چھوڑیں کے اور انہیں دوسروں کے لئے ایک مثال بنا دیا جائے گا۔

ایک وقت تھا جب ریلوے کے فیصلے کنٹریکٹر کرتے تھے مگر اب بعض ٹھیکیدار وں کی بلیک میلنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ریلوے اسٹیشنوں پر سیمنٹ کے ساتھ ساتھ سریے کی مضبوطی کے بھی ٹیسٹ کروانے کی ہدایت کی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریل کاپ کے افسران تعمیراتی منصوبوں پر اپنے افسران کی ہمہ وقت موجودگی کو یقینی بنائیں۔ ان منصوبوں میں کسی بھی قسم کی بد نظمی بد انتظامی یا بے ایمانی پر ان سے جواب طلبی ہو گی۔

انہوں نے نیسپاک حکام کو ہدایت کی کہ وہ خانیوال ریلوے اسٹیشن کی بحالی یا نئی تعمیر کے دونوں آپشنز پر جامع سٹڈی کر کے تخمینے پیش کریں۔ خواجہ سعد رفیق کو بہاول پور ،حسن ابدال،رائے ونڈ،ناروال،اوکاڑہ،ننکانہ،یوسف والہ اور دیگر ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلات پیش کی گیئ ں۔وزیر ریلوے نے ہدایت کی کہ ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر کا کام بہترین معیار کے ساتھ مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔۔۔طارق ورک

متعلقہ عنوان :