مستقبل کے اہداف کے حصول کے لیے منصوبہ بندی کے تحت درخت لگا کر اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی ،سردار مسعود خان

محکمہ جنگلات کو آزاد کشمیر میں اپنی کارکردگی کے حوالے سے میڈیا کے ذریعے لوگوں کو آگاہ کرنا ہو گا ، صدر آزادکشمیر

منگل 14 مارچ 2017 23:00

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2017ء)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مستقبل کے اہداف کے حصول کے لیے ہمیں ایک منصوبہ بندی کے تحت درخت لگا کر اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی ۔ محکمہ جنگلات کو آزاد کشمیر میں اپنی کارکردگی کے حوالے سے میڈیا کے ذریعے لوگوں کو آگاہ کرنا ہو گا ۔ کہ وہ جنگلا ت کی حفاظت اور جنگلات کے اُگانے میں کیا کردار ادا کر رہے ہیں۔

جنگلات ہماری قومی معیشت کی علامت ہے ۔ آزاد کشمیر میں محکمہ جنگلات کو قومی جذبہ کے ساتھ آگے آنا ہو گا تا کہ ہم عوام کو خود کفیل بنانے کے لیے انہیں بھی ساتھ شامل کرکے قومی تعمیر نو میں بھرپور کردار ادا کر سکیں ۔ وہ پونچھ یونیورسٹی میں شجر کاری 2017 محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل صدر آزاد کشمیر نے دیودار کا پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا ۔ اس موقع پر پونچھ یونیورسٹی کے وائس چانسر پروفیسر ڈاکٹر رسول جان ، سیکرٹری صدارتی امور سردار محمد ظفر خان ، چیف کنزرویٹر فاریسٹ محمد بشیر قریشی نے بھی خطاب کیا ۔ سردار محمد رفیق خان ڈی ایف او نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دئیے ۔ خواجہ ممتاز احمد کنزرویٹر فاریسٹ نے تفصیلی بریفنگ دی ۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ عوام میں جنگلات کے بچائو کے لیے آگاہی مہم منظم انداز میں شروع کی جائے تاکہ جنگلات کو کٹائو سے بچایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ آگ لگنے سے جنگلات کو شدید نقصانات کا سامنا ہے ۔ ہماری نسل کو آگ سے نقصانات کا علم ہونا چاہیے ۔ ہمارے اقدامات سے جنگلات کو نہ صرف فروغ ملے بلکہ لوگ خود درختوں کی حفاظت کرنا شروع کر دیں۔

یہ کام بھی ریڈیو اور ٹی وی چینلز سے پایا تکمیل تک جا سکتا ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کنزرویٹر فاریسٹ خواجہ ممتاز نے بڑی باریکی سے جنگلات اور محکمہ جنگلات کی کارکردگی کے حوالہ سے تفصیلات بتائیںجس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ جنگلات کے فروغ کے لیے آزاد کشمیر میں جس قدر کام ہو رہا ہے وہ پاکستان کی نسبت زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور اقتصادی ترقی کے لیے جنگلات کی حفاظت اور جنگلات پیدا کرنے کے لیے سب مل کر آگے بڑھیں گے تب ہی مطلوبہ مقاصد حاصل کر سکیں گے ۔

اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ جس شجر کاری مہم کا آغاز 9 فروری کو وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر نے کیا تھا وہ مکمل ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اس خطے کو ایک خوبصورت اور مثالی خطہ بنانے کے لیے اساتذہ ، طلباء ، والدین ، بچے، بوڑھے اور جوان شامل ہو کر ہی اسے سرسبز اور شاداب بنا سکتے ہیں۔ اس سے قبل جب صدر آزاد کشمیر یونیورسٹی پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، ڈپٹی کمشنر پونچھ راجہ طاہر ممتاز ، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر طاہر علی شاہ ، فیکلٹی ممبران اور ڈین بھی موجود تھے ۔