سیکرٹری مالیات آزاد کشمیر کی تعیناتی ، اسٹیبلشمنٹ اور وفاقی حکومت میں سرد جنگ شدت اختیار کرگئی

وفاقی وزیر امور کشمیر من پسند سینئر بیورو کریٹ کی تعینات چاہتے ہیں ،اسٹبلشمنٹ نے مخالفت کردی آزادکشمیر میں مالیاتی امور ٹھپ ہوکر رہ گئے

منگل 14 مارچ 2017 22:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2017ء) آزاد کشمیر میں سیکرٹری مالیات کی تعیناتی پر اسٹیبلشمنٹ اور وفاقی حکومت میں سرد جنگ شدت اختیار کر گئی وزیر امور کشمیر برجیس طاہر ایک من پسند سینئر بیورو کریٹ کو اس عہدے پر تعینات کر وانا چاہتے ہیں تاہم اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے ایک ماہ سے اسکی منظوری نہیں دی جارہی ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر آزاد کشمیر کے مالی معاملات میں چیک اینڈ بیلنس اور وزارت کی جائز و ناجائز مداخلت کیلئے ایک سینئر بیورو کریٹ کو سیکرٹری مالیات تعینات کروانا چاہتے ہیں جس کے لئے انہوں نے وزیرعظم پاکستان کو باضابطہ پینل کی صورت میں آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے من پسند بیورو کریٹ کو سیکرٹری فنانس آزاد کشمیر لگانے سے انکار کردیا ہے جس کے باعث آزاد خطے میں اہم مالیاتی امور ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں ،اس طرح وفاق اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان سرد جنگ شدت اختیار کر گئی اس حوالے سے وزارت امور کشمیر کے ترجمان وجوائنٹ سیکرٹری قاضی ظہیر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے موقف اپنایا کہ اس معاملے میں وفاقی وزیر چوہدری برجیس طاہر کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے پاس وزارت امور کشمیر کی جانب سے سیکرٹری فنانس کی تعیناتی کیلئے کوئی پینل نہیں بھیجا گیا اور سابق سیکرٹری فنانس ملک صادق بھی تاحال ریٹائر ہی نہیں ہوئے ہیں ان کی ریٹائرمنٹ میں ابھی چند دن باقی ہیں ۔تاہم اس کے برعکس ذرائع کا کہناہے کہ سابق سیکرٹری فنانس 11 فروری 2017 ء کو ریٹائر ہوچکے ہیں جس کی تصدیق آزاد کشمیر محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔ ذرائع کیمطابق ملک صادق کے اعزاز میں وفاق اور آزاد کشمیر حکومت نے باضابطہ الوداعی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ انہوں نے ذاتی طور پر بھی اپنی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کی ہے ۔ (عابد شاہ)

متعلقہ عنوان :