قوم وزیراعظم کی قیادت میں دہشتگردی کیخلاف متحد ہیں اور سرخروہونگے، شاہدہ قدیر

دہشت گردی،فرقہ واریت اور صوبائی تعصب ملک کیلئے زہر قاتل ہے،رہنما مسلم لیگ(ن) اسلام آباد

منگل 14 مارچ 2017 22:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کی سنیئر رہنما شاہدہ قدیر نے کہاہے کہ وزیراعظم میاں نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پرگامزن ہے،عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ(ن)کی اولین ترجیح ہے،،موجودہ حکومت نے پاکستان بھر میں عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے اُن کے دلوں میں اپنا گھر بنالیا ہے،آئندہ 2018ء کے انتخابات میں بھی پاکستان مسلم لیگ(ن) کلین سویپ کرے گی۔

انہوں نے منگل کو اپنے ایک جاری بیان میں کہا کہ پوری قوم وزیراعظم میاں نوازشریف کی قیادت میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے متحدہے دہشتگردی ،فرقہ واریت اور صوبائی تعصب ملک کیلئے زہر قاتل ہے،موجودہ حالات میں پوری قوم کو یکجہتی کا مظاہرہ کرناہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کو صوبائیت اور قومیت کے نام پر تقسیم کرنے کی سازشیں کرنے والے ملک وقوم سے مخلص نہیں،دہشتگرد صرف چند گروہوں پر مشتمل نہیں بلکہ پورے خطے میں اس بات کا جائزہ لیناہوگا کہ کونسی قوتیں ہیں جو ہمارے پیارے ملک پاکستان کو ترقی کرتا اورآگے بڑھتا نہیں دیکھ سکتیں اور پاکستان میں ہونے والی سرمایہ کاری اور بہتری انہیں برداشت نہیں۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی اقتصادی ترقی ملک دشمنوں کوایک آنکھ نہیں بھارہی ،وزیراعظم کی سوچ ملک و قوم کی ترقی اور پاکستان کو آگے بڑھانے کی ہے،ملک کے روشن مستقبل کی نوید سی پیک کو نقصان پہنچاناکسی طورپر عوام کی خیرخواہی نہیں۔مسلم لیگی رہنما بیگم شاہدہ قدیرنے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں ہیں ،افواج پاکستان ملکی بقاء،سالمیت اور دفاع کو یقینی بنانے کیلئے قربانیوں کی قابل فخرتاریخ رقم کررہی ہے۔