کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان اور افغانستان (کل) بدھ کو لندن میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات کرینگے،افغان سفیر

برطانوی حکومت کی میزبانی میںہونیوالے اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں مشیر قومی سلامتی حنیف اتمار کیساتھ شرکت کرونگا،عمر زاخیلوال،پاکستان کی نمائندگی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کرینگے ، برطانوی مشیر قومی سلامتی مارک لائل گرانٹ بھی مذاکرات میں شامل ہونگے

منگل 14 مارچ 2017 22:26

کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان اور افغانستان (کل) بدھ کو لندن میں اعلیٰ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2017ء) افغان سفیر عمر زاخیلوال نے کہا ہے کہ موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کیلئے پاکستان اور افغانستان (کل) بدھ کو لندن میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات کرینگے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں افغانستان کے سفیر عمر زاخیلوال نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر بتایا کہ برطانوی حکومت کی میزبانی میں بدھ کو لندن میں ہونیوالے اعلیٰ سطح کے پاک افغان مذاکرات میں وہ قومی سلامتی مشیر حنیف اتمار کے ساتھ شریک ہونگے جبکہ وزیراعظم پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور برطانوی قومی سلامتی مشیر مارک لائل گرانٹ پاکستان اور برطانیہ کی نمائندگی کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران دہشتگردی کیخلاف جنگ کے حوالے سے پاک افغان تعاون کی غرض سے میکانزم موجودہ کشیدہ تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان کراسنگ روٹس کی بندش پر توجہ مرکوز رہے گی ۔ ذرائع کے مطابق کابل میں برطانوی سفیر کی طرف سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بات چیت کیلئے کوششیں کی گئی ہیں انہوں نے پاکستان کا دورہ کر کے اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں ۔