آزاد کشمیر میں مردم شماری کیلئے تمام انتظامات کرلئے ہیں ، آئی جی

لاء اینڈ آرڈر کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، آزاد کشمیر ایک پر امن علاقہ ہے، مذہب کی جبری تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ، بشیرمیمن

منگل 14 مارچ 2017 22:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2017ء) انسپکٹر جنرل آف آزاد کشمیر بشیر میمن کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں مردم شماری کے لئے ضرورت کے مطابق انتظامات کر دیئے ہیں۔ لاء اینڈ آرڈر کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ آزاد کشمیر ایک پر امن علاقہ ہے۔ آزاد کشمیر میں مذہب کی جبری تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ افغانیوں کا انخلاء روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں مردم شماری کے حوالے سے فوج کی ڈیمانڈ کے مطابق انتظامات مکمل کر دیئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر پر امن علاقہ ہے۔ وہاں کسی قسم کے کوئی فسادات نہیں پائے جاتے ۔ آزاد کشمیر میں مذہب کی جبری تبدیلیوں کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

غیر قانونی این جی اوز کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے پاس این جی او کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہوتا یہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کا کام ہے کہ وہ این جی اوز کے حوالے سے تمام ریکارڈ رکھے۔ این جی اوز رجسٹرڈ کروانے سے قبل پولیس کو رپورٹ دینا ہوتی ہے۔ جسے پولیس بخوبی کر رہی ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر بشیر میمن کا کہنا تھا کہ این جی اوز کے حوالے سے اگر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کوئی شکایت کرے تو اس پر پولیس کارروائی کرتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی غیر ملکی آزاد کشمیر میں جائے تو اسے پہلے وزارت داخلہ سے اجازت لینا پڑتی ہے۔ اس میں بھی پولیس کو کوئی اختیار حاصل نہیں کہ وہ کسی غیر ملکی کو آزاد کشمیر جانے کی اجازت دے۔۔(علی)

متعلقہ عنوان :