نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں پاک برطانیہ دو روزہ سیمینار، آرمی چیف کی پہلے سیشن میں بطورمہمان خصوصی شرکت ، آئی ایس پی آر

دہشت گردوں کے خلاف پاکستان بھرپور آپریشن کررہا ہے، آرمی چیف معاشرے میں بگاڑ پیدا کرنے والی قوتوں کا خاتمہ کیا جائے گا، ملک میں مکمل امن، استحکام اور معمول کی زندگی بحال کریں گے، جنرل قمر جاویدباجوہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں، جنرل پیٹرک

منگل 14 مارچ 2017 21:51

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2017ء) آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف پاکستان بھرپور آپریشن کررہا ہے۔ معاشرے میں بگاڑ پیدا کرنے والی قوتوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ ملک میں مکمل امن، استحکام اور معمول کی زندگی بحال کریں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں پاک برطانیہ دو روزہ سیمینار منعقد ہوا جس کا موضوع امن کاوشوں پر تجربات کا تبادلہ ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سیمینار کے پہلے سیشن کے مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ برطانیہ کے شرکاء کی قیادت لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک سینڈلز کررہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف پاکستان بھرپور آپریشن کررہا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ کئی برسوں سے دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ 2007 ء سے فوج دہشت گردی کے خلاف لڑ رہی ہیڈ آپریشن ردالفساد اس کی اہم کڑی ہے۔

دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی کامیابیاں ردالفساد کے تحت سمیٹی جارہی ہیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جنرل پیٹرک نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں پاکستانی عوام اور فوج دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہیں انسداد دہشت گردی مہم خطے کے لئے نہیں عالمی امن کیلئے بھی اہم ہے۔ یہ کوشش آخر کار دنیا کو محفوظ بنانے میں اہم کردار کی حامل ہے۔ (عابد شاہ)