(ن) نے قاتل پال رکھے ہیں،مخالفین پر حملے اس کا پرانا رویہ ہے‘ بلال بھٹو

بابر بٹ کے قتل کی شفاف تحقیقات کر کے خاندان کو انصاف دیا جائے ،شہباز شریف ہر واقعہ کے بعد کمیٹی بنا دیتے ہیں نئے عزم ، بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے ، پیپلز پارٹی پسے ہوئے طبقات کی آواز ہے تنظیم سازی کا عمل پیپلز پارٹی کو مضبوط بنیادیں فراہم کرے گا،سب کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا اوورسیز پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی بیرون ممالک موجود تمام کارکنان کی مشاورت سے کی جائے‘ رہنمائوں کو ہدایت پی پی چیئرمین کی زیر صدارت اوورسیز کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ،لاہور ‘قصور کے عہدیداروں کے چنائو کیلئے انٹر وبھی کئے بلاول بھٹو زرداری کی انتہائی سخت سکیورٹی میں مقتول رہنما بابر سہیل بٹ کی رہائشگاہ آمد ، اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی

منگل 14 مارچ 2017 21:37

(ن) نے قاتل پال رکھے ہیں،مخالفین پر حملے اس کا پرانا رویہ ہے‘ بلال بھٹو
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے یہاں قاتل پال رکھے ہیں،مخالفین پر حملے اس کا پرانا رویہ ہے ،ہم اس سلوک کو کسی طور پر بھی برداشت نہیں کریں گے ، پنجاب میں حال ہی میں یہ دوسرا واقعہ ہے ،یہ حکومت کی گڈ گورننس ہی ، شہباز شریف ہر واقعہ کے بعد فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا دیتے ہیں ،نئے عزم ، ولولے اور بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے ، پیپلز پارٹی پسے ہوئے طبقات کی آواز ہے اور انکے حقوق کے لئے ہر سطح پر جنگ لڑیں گے ، تنظیم سازی کا عمل پیپلز پارٹی کو مضبوط بنیادیں فراہم کرے گاسب کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے مقتول رہنما بابر سہیل بٹ کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو اور بلاول ہائوس میں اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن، مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور اور دیگر کے ہمراہ انتہائی سخت سکیورٹی میںپارٹی کے مقتول رہنما بابر سہیل بٹ کی رہائشگاہ پر پہنچے اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے بعد فاتحہ خوانی کی ۔

انہوں نے کہا کہ پوری پیپلز پارٹی آپ کے غم میں شریک اور آپ کے ساتھ ہے ۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بابر سہیل بٹ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بابر سہیل بٹ کا قتل انتہائی افسوسناک و اقعہ ہے ۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں اس واقعہ کا شفاف ٹرائل کیا جائے اور قاتلوں کو کٹہرے میں لایا جائے تاکہ مقتول کے اہل خانہ کو انصاف مل سکے ۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پنجاب میں یہ دوسرا واقعہ ہے ۔ پہلے شوکت بسرا پر حملہ کیا گیا اور ان کا پرسنل سیکرٹری شہید ہوا اب بابر سہیل بٹ کو شہید کر دیا گیا ۔ (ن) لیگ نے یہاں قاتل پال رکھے ہیں ، مخالفین پر حملے اس کا پرانا وطیرہ ہے ۔ ہم اس سلوک کو کسی طور پر بھی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیا یہی گڈ گورننس ہے ۔ شہباز شریف ہر واقعہ کے بعد فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے خلاف اور انصاف کے لئے ہر فورم پر جائیں گے ۔بلاول بھٹو نے بلاول ہائوس لاہور میںاوور سیز کوارڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت اورپیپلزپارٹی لاہور اور قصور کے نئے عہدیداروں کے امیدواروں سے انٹر ویوز بھی کئے ۔اس موقع پر قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن، رحمان ملک،چوہدری منظور اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔بلاول بھٹو زرداری نے اوورسیز کوآرڈی نیشن کمیٹی کو سمندر پار پاکستان پیپلزپارٹی کومتحرک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی بیرون ممالک موجود تمام کارکنان کی مشاورت سے کی جائے۔

پیپلزپارٹی شروع سے سمندر پار پاکستانیوں کی سب سے بڑی جماعت رہی ہے۔شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے ہر پاکستانی کو پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔انہوں نے سمندر پار روزگار کے مواقع نکالے اور پاکستانیوں کے لیے پوری دنیا کے دروازے کھول دئیے ۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ملکی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ان کی قومی سیاست میں دلچسپی کو اولیت کے بنیاد پر آگے لیجایاجائے گا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی سمندر پارنئی تنظیم کارکنان کے امنگوں کے عین مطابق ہوگی جو پارٹی کو متحرک کرے گی ۔ نئی پوری دنیا میں بھٹو ازم کا پیغام پھیلائے گی۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو نے صوبائی کوار ڈی نیشن کمیٹی کے سفارشات پر پیپلزپارٹی ضلع لاہور کے نئے عہدیداروں کے لیے امیدواروں سے انٹرویوز کئے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پارٹی کے تمام حلقوں سے مشاورت کے بعد نئی تنظیموں کا چنائو کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے خون سے جمہوریت کی آبیاری کی ہے ۔نئے عزم ، ولوے اور بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے ، پیپلز پارٹی پسے ہوئے طبقات کی آواز ہے اور انکے حقوق کے لئے ہر سطح پر جنگ لڑیں گے۔