لیاقت بلوچ نے ماڈل ٹائون ،ٹائون شپ ،فیصل ٹائون میں خوشحال پاکستان فنڈ فہم کے کیمپوں کا افتتاح کردیا

منگل 14 مارچ 2017 20:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل، سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے ماڈل ٹائون ،ٹائون شپ ،فیصل ٹائون میں خوشحال پاکستان فنڈ فہم کے کیمپوں کا افتتاح کیا اور کارکنان ،معززین، مخیر حضرات سے خطاب اور مرکز ی شعبہ جات کے دفاتر کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نظریاتی فلاحی اور پاکستان میں قیادت اور نظام کی تبدیلی کے محاذ پر بیک وقت جدوجہد کررہی ہے۔

قومی سلامتی ،قومی ترقی اور عوامی اتحاد کے لیے شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ناگزیر ہیں۔عوامی فلاح اور ترقی کے لیے درست ترجیحات اور اہل امانت و دیانت دار قیادت ہی ملک کی اصل ضرورت ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی ہم گیر اور ہمہ پہلو سرگرمیاں کررہی ہے۔

(جاری ہے)

کارکنان کی نظریاتی والہانہ سرگرمیاں بڑا سرمایہ ہیں۔کارکنان کی مسلسل محنت جدوجہد اور اللہ کا خاص کرم ہی جماعت اسلامی کی ساکھ اور اعتماد میں مسلسل اضافہ کررہا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک اور نئی نسل کی حفاظت کے لیے اسلامی، نظریاتی تہذیب اورتعلیم و تربیت کی حفاظت بڑا چیلنج ہے۔سیکولرازم، مادرپدر آزادی اوربے راہروی تباہی کی شاہراہ ہے۔نظام مصطفیؐ اور قومی وسائل کا امانت داری سے استعمال اورکرپشن اور کرپٹ مافیا کی بیح کنی کے لیے دینی قوتوں کا اتحاد ضروری ہے۔جماعت اسلامی اہل ،دیانت دار اور محب وطن قوتوں کومتحد کرے گی۔

متعلقہ عنوان :