مردم شماری کو کامیاب بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ دن رات کوشاں ہے ، ڈپٹی کمشنرضلع گھوٹکی

منگل 14 مارچ 2017 20:27

میرپور ماتھیلو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ نے کہا ہے کہ ضلع گھوٹکی میں مردم شماری کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ دن رات کوشاں ہے تاکہ ضلع بھر کے لوگوں کو مردم شماری کے عمل میں شامل کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردم شماری کے حوالے سے ہونے والی مشق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں پاک آرمی کے کرنل عمران اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سلیم اللہ اوڈہو سمیت پاک آرمی کے جوانوں اور مردم شماری مہم کے عملداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کسی بھی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مشق کرنا ضروری ہے تاکہ مہم کے دوران ہمیں کسی قسم کی مشکل کا سامنہ نہ کرنا پڑے، انہوں نے کہا کہ تقریباً 19 سال کے بعد مردم شماری ہو رہی ہے اس لیے معتقلہ عملداروں سمیت ملازموں کو چاہیے کہ وہ مہم کے دوران سچائی و ایمانداری سے اپنا اپنا کردار ادا کریں کیوںکہ یہ قوم کے مستقبل کا مسئلہ ہے اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جاسکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے تحت ہی قوم کو ان کے حقوق ملتے ہیں اس لیے ضلع کے باشعور افراد کو بھی چاہیے کہ وہ مہم کے دوران اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں کو مردم شماری کے عمل میں شامل کروائیں تاکہ ضلع بھر کے لوگ رجسٹرڈ ہو سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مردم شماری مہم کے حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایت کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں قائم کنٹرول روم کے نمبر0723661680 پر رابطہ کیا جائے تاکہ شکایات کو فوری طور پر حل کیا جاسکے۔ قبل ازیں پاک آرمی کے نوجوانوں و مردم شماری کے عملے نے مہم کے حوالے سے پہلی مشق گائوں اسلام لاشاری میرپور ماتھیلو میں کی ۔

متعلقہ عنوان :