پنجاب میں سی این جی کی قیمت میں جلد کمی ہو جائیگی، غیاث پراچہ

سی این جی کے شعبہ میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کروا رہے ہیں،پٹرول کی بڑھتی قیمت کے باعث عوام دوبارہ سی این جی کی طرف راغب ہو رہے ہیں، چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن

منگل 14 مارچ 2017 18:28

پنجاب میں سی این جی کی قیمت میں جلد کمی ہو جائیگی، غیاث پراچہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2017ء) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی چئیرمین رہنما غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمت کی وجہ سے سی این جی دوبارہ مقبول ہو رہی ہے جو ماحول، صارفین اور اس کاروبار سے متعلقہ افراد کیلئے خوش آئندہے۔ سی این جی پر عوام کا اعتماد بڑھ رہا ہے اور گیس سٹیشنز پر دوبارہ قطاریں لگنا شروع ہو گئی ہیں۔

ایک بیان میں غیاث پراچہ نے کہا کہ پنجاب میں سی این جی کی قیمتیں جلد کم ہونا شروع ہو جائیں گی جس سے یہ ایندھن عوام میں مزید مقبول ہو جائے گا۔انھوں نے کہا کہ کئی سال تک تیل کی قیمتیں کم رہنے کی وجہ سے سی این جی کا کاروبار متاثر ہوا تھا جو اب بحال ہو رہا ہے۔ اپریل 2102 کے بعد سے جب پٹرول کی قیمت ایک سو روپے فی لیٹر سے بڑھ گئی تو سی این جی والی گاڑیوں کے مالکان کو ایندھن کی قیمت کی مدمیں پچاس فیصد ہوئی جبکہ اکتوبر2013میں پٹرول کی قیمت 113 روپے سے تجاوز کر گئی تو عوام کو مزید بچت ہوئی۔

(جاری ہے)

نومبر2014 سے تیل کی قیمت کم ہونا شروع ہوئی تو لوگ پٹرول کو ترجیح دینے لگے مگر اب تیل کی قیمت میں استحکام کے بعد حالات سی این جی کی صنعت کی موافق ہو رہے ہیں اور عوام دوبارہ سی این جی کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ غیاث پراچہ نے کہا کہ سی این جی کی نئی ٹیکنالوجی اور ہلکے مگر پائیدار سلنڈر متعارف کروائے جا رہے ہیں جس سے صارفین کے ایندھن کے اخراجات کم ہو جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ سی این جی کٹس کی درامد پر کئی سال تک پابندی رہی ہے جس کی وجہ سے طلب اور رسد میں عدم توازن پیدا ہو گیا ہے۔ اس وقت ملک میں بیس لاکھ گاڑیوں کو ماحول دوست ایندھن سی این جی پر منتقل کرنے کی گنجائش ہے۔