قابض بھاری افواج کنٹرول لائن پر بلاجوازفائرنگ اور گولہ باری کرکے سویلین آبادی کونشانی بنارہی ہے ‘ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کو اس کھلی دہشتگردی سے روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں

آزادجموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میںقائد حزب اختلاف چوہدری محمد یٰسین کالندن سے دبئی پہنچنے پر کارکنوں سے خطاب

منگل 14 مارچ 2017 16:58

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مارچ2017ء) آزادجموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میںقائد حزب اختلاف چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ قابض بھاری افواج کنٹرول لائن پر بلاجوازفائرنگ اور گولہ باری کرکے سویلین آبادی کونشانی بنارہی ہے ۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کو اس کھلی دہشتگردی سے روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

وہ آج یہاں لندن سے دبئی پہنچنے پر کارکنوں سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج پوری کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کر کے سول آبادی کو نشانہ بنارہی ہے۔ گزشتہ ماہ کے دوران 2درجن سے زائد شہریوں کو شہید کیاگیا، درجنوں کوزخمی اور مکانات کوبھاری نقصان پہنچایاگیا۔ بھارتی افواج براہ راست شہری آبادی کو دانستہ طور پر نشانہ بنارہی ہے ۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے مشاق دستے فوری جوابی کارروائی کر کے اور اپنی بہترین دفاعی صلاحیتوں کوبروئے کار لا کر دشمن کی فوجوں کو منہ توڑ جواب دے رہے ہیں،ہمیں پاک افواج پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے گزشتہ اڑھائی سال سے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کاسلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

قابض بھارتی افواج کی یہ حکمت عملی ہے کہ وہ دہشتگردی کی آڑ میںوہ مقبوضہ کشمیر میںمظالم کا سلسلہ تیزکررہا ہے۔ لیکن مقبوضہ کشمیر کے عوام نے قابض بھارتی افواج کے تمام تر مظالم کے باوجود آزادی کی شمع کو روشن کئے ہوئے رکھا ہے ۔ ان حالات میں حکومت پاکستان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی کہ وہ قابض بھارتی افواج کی اس کھلی دہشتگردی کو اقوام عالم کے سامنے لانے کیلئے دنیا بھر میں اپنا سفارتخانوں میں کشمیر ڈیسک قائم کرے اور مقبوضہ کشمیر کے حالات سے آگاہی رکھنے والے افراد کو ان سفارتخانوں میں تعینات کیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کیلئے بہتر اقدامات اٹھائے ، اس وقت عالمی رائے عامہ کشمیر کا مسئلہ سمجھنا شروع ہوچکی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ بہترین سفارتکاری کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی آواز اقوام عالم تک پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں نے تاریخی مارچ کیا۔ اس مارچ میں امریکہ، یورپ اور برطانیہ سے بڑی تعداد میں کشمیری شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ظلم وستم کے خلاف وہاں پر مزاحمت تیز ہورہی ہے۔ کشمیری عوام آزادی حاصل کرکے رہیں گے ۔