سکھ یاتری بیساکھی تہوار منانے کے لیے 12 اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب آئیں گے

منگل 14 مارچ 2017 13:07

سکھ یاتری بیساکھی تہوار منانے کے لیے 12 اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب ..
حسن ابدال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2017ء) دنیا بھر اور بھارت سے سکھ یاتری بیساکھی تہوار منانے کے لیے 12 تا 15اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال آئیں گے۔ اس سلسلے میں فول پروف سکیورٹی کے فرائض ڈی پی او اٹک سرانجام دیں گے طبی سہولیات کی فراہمی چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اٹک اور ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اٹک کے ذمہ ہوں گی۔

صفائی کے انتظامات اور سٹریٹ لائٹس کی فراہمی چیف آفیسر میونسپل کمیٹی حسن ابدال کریں گے۔

(جاری ہے)

سکھوں کی رہائش کے انتظامات اے ڈی سی (جنرل)اٹک، بجلی کی بلاتعطل فراہمی ایکسیئن آئیسکو ٹیکسلا ، اے کلاس ٹرانسپورٹ کی فراہمی ڈی آر ٹی اے ، راشن کی فراہمی ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، عارضی پوسٹ آفس ، ڈویژنل سپریٹنڈنٹ پوسٹ آفیسر اٹک اور بم ڈسپوزل سکواڈ ، ریسکیو 1122اور فائر بریگیڈ کی فراہمی کے سلسلے میں ڈی پی او اٹک سے ضروری رابطہ کیا جائے گا۔ گوردوارہ پنجہ صاحب میں سگریٹ، نسوار ، انڈے ،اور گوشت لانا ممنوع ہوگا۔اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال کو اس سلسلہ میں فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔