تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سکھر میں وفاقی ٹیکس محتسب کے دفتر کا قیام خوش آئند ہے، صدر سکھر اسمال ٹریڈرز

پیر 13 مارچ 2017 23:20

سکھر۔ 13مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2017ء) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ تاجر برادری کودرپیش مسائل و مشکلات کے حل کیلئے ہمیشہ مخلصانہ جدوجہد کر کے تاجر برادری کو سہولیات فراہم کیں، تاجر برادری کیلئے انکم ٹیکس، ایف بی آر، کسٹم سمیت دیگر محکموںکے مسائل کے حل کیلئے سکھر میں وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) کے دفتر کا قیام خوش آئند ہے جس سے تاجر برادری کو اپنے مسائل حل کرانے میں مدد ملے گی۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطا بق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی ٹیکس محتسب سکھر آفس کے وفد کی تاجر سیکریٹریٹ گولڈ سینٹر آمد کے موقع پر تاجروں کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں حاجی عبدالستار راجپوت،حاجی پرویز چنہ، حافظ شریف ڈاڈا، عامر فاروقی، ڈاکٹر سعید اعوان،منیر میمن، رئیس قریشی، ذاکر بندھانی،صداقت خان، سعید احمد، ذاکر خان، عتیق اللہ سومرو و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن ، وفاقی ٹیکس محتسب کے وفد کے اراکین کا کہنا تھا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ان کے دیئے ہوئے ٹیکس سے ہی ملکی ترقی کی جانب گامزن ہوتا ہے، تاجر برادری کو محکمہ ایف بی آر، انکم ٹیکس، کسٹم سمیت دیگر محکموں سے درپیش مسائل اور شکایات کے ازالے کیلئے وفاقی ٹیکس محتسب کا دفتر سکھر میں قائم کیا گیا ہے تاجر برادری کو اس سلسلے میں آگاہی دینے کیلئے گزشتہ دنوں مقامی ہوٹل میں سیمینار بھی منعقد کیا گیا تھا تاکہ تاجر برادری کو آگاہی فراہم کی جاسکے۔

اس سلسلے میں اب ہم تاجروں سے ملاقاتیں بھی کر رہے ہیں کہ اگر کسی بھی تاجر برادری کو مذکورہ محکموں سے کسی بھی قسم کی کوئی بھی شکایات ہے تو وہ بغیر کسی وکیل کے ایک تحریری درخواست کے ذریعے FTO سکھر کے دفتر سے رجوع کریں جسے فوری طور پر حل کر کے تاجر برادری کو سہولیات فراہم کی جائینگے۔