ایک ماہ میں 476 آئی بی اوز میں 17 دہشت گرد ہلاک،123 افراد گرفتار ہو چکے ہیں،رانا ثناء اللہ

کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 253 مقدمات درج، بابر بٹ قتل کے ملزمان کو کٹہرے میں لائیں گے پی ٹی آئی اوئے اوئے ، بدتمیز ی اور گھٹیا کلچر کی ماخذ ہے اور اب وہ اس کلچر کو ایوانوں تک لے آئی ہے۔رانا ثناء اللہ خاں

پیر 13 مارچ 2017 23:45

ایک ماہ میں 476 آئی بی اوز میں 17 دہشت گرد ہلاک،123 افراد گرفتار ہو چکے ..
لاہور۔13 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2017ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی اموررانا ثناء اللہ خاںنے کہا ہے کہ13فروری سے 12 مارچ تک کومبنگ آپریشن کے تحت 2036 سرچ آپریشنز،2542 علاقے سرچ،85167مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ ،21143مشتبہ افراد کی بائیو میٹرک ڈیوائس سے تصدیق ، 1371 افراد گرفتار جبکہ 544 مقدمات درج اور429 ریکوریز کی گئی ہیں۔

وہ یہاں پنجاب اسمبلی میں میڈیا بریفنگ دے رہے تھے۔ رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ 13 فروری سے 12 مارچ تک 476 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کیے گئے۔ان آئی بی اوز کے دوران 539 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ۔ 123 افراد کو گرفتار ، 110 افراد کیخلاف مقدمات درج جبکہ 17 دہشت گرد ہلاک کئے جا چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں پختونوں کے ساتھ کوئی امتیاز روا نہیں رکھا جارہا ۔

(جاری ہے)

وہ ہمارے بھائی ہیں۔ پختون پنجاب میں آزادی سے رہائش پذیراور کاروبار کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 2016 سے لیکر اب تک ہونے والے کومبنگ آپریشنز میں کل 1572670 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جن میں 27466 پختون بھی شامل ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اعداد وشمار سے عیاں ہے کہ پختونوں سے ہونے والی پوچھ گچھ آپریشن ردالفساد سے پہلے کی ہے جو کہ معمول کی بات ہے۔

وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 253 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اوئے اوئے، بد تمیزی اور گھٹیا کلچر کی ماخذ ہے اور اب وہ اس کلچر کو ایوانوں تک لے آئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا کہ بابر بٹ قتل پر مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوا ہے ۔ بابر بٹ کاقتل زیادتی ہے، اسکا ازالہ کیا جائیگااور ملزمان کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔