پیپلز پارٹی پارٹی سندھ کونسل کے اجلاس میں 4 اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ

رہنما برسی کے حوالے سے بھرپور تیاریاں کریں اور اپنے اپنے علاقوں کا دورا کریں،، صدر پی پی پی سندھ نثار کھوڑو اجلاس میں 15مارچ سے شروع ہونے والی مردم شماری کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا نواز حکومت کی جانب سے صوبوں کے ساتھ ناانصافیاں کوئی نئی بات نہیں، جب بھی نواز لیگ حکومت بناتی ہے تو صوبوں کے ساتھ زیادیتاں بڑھ جاتی ہیں، نثار کھوڑو

پیر 13 مارچ 2017 23:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کونسل کا اجلاس وزیراعلی ہا ئوس میں پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر اور سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو کی زیرصدارت ہوا، اجلاس میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وقار مہدی، سینیٹر عاجز دھامراہ، مولا بخش چانڈیو، سید علی نواز شاہ،پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی،ضیا الحسن لنجار، راشد ربانی سمیت پیپلزپارٹی سندھ کے ضلعی صدور، جنرل سیکریٹریز، اطلاعات سیکریٹریز اور سینیٹرز، ایم پی ایز اور ایم این ایز نے شرکت کی، اس حوالے سے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامراہ نے بتایا کہ اجلاس میں 4اپریل کو پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا اور پارٹی رہنماں کو ہدایات کی گئیں کہ وہ برسی کے حوالے سے بھرپور تیاریاں کریں اور اپنے اپنے علاقوں کا دورا کریں،اجلاس میں 15مارچ سے شروع ہونے والی مردم شماری کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے مردم شماری پر سندھ کے خدشات پر مشتمل لکھے گئے خط کی بھرپور تائید کی گئی ، اجلاس میں لاہور میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما بابر سہیل بٹ کے وحشیانہ قتل کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شدید غم اور غصہ کا اظہار کیا گیا اور بابر سہیل بٹ کی شہادت کا ذمیوار پنجاب حکومت کو قرار دے کر کہا گیا کہ وزیراعظم پاکستان کا صوبہ سیاسی مخالف کارکنان کے لیے مقتل گاہ بنتا جا رہا ہے،اعلی عدالتیں اس بات کا فوری نوٹس لیں، اجلاس میں نوازلیگ حکومت کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ میں تاخیر کرنے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نواز سرکار کی جانب سے صوبوں کے ساتھ ناروا سلوک کی بھرپور مذمت کی گئی، پیپلزپارٹی سندھ کونسل کے اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے توانائی منصوبوں میں رکاوٹ ڈالنے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں سندھ کی امن و امان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ نواز حکومت کی جانب سے صوبوں کے ساتھ ناانصافیاں کوئی نئی بات نہیں، جب بھی نواز لیگ حکومت بناتی ہے تو صوبوں کے ساتھ زیادیتاں بڑھ جاتی ہیں، انہوں نے کہا کہ مردم شماری پر خدشات کے باوجود بھی اس میں بھرپور حصہ لیا جائے گا، پارٹی کا ہر کارکن اور ہمدرد مردم شماری میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا، نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پنجاب کو پیپلزپارٹی کے لیے دوبارہ نو گو ایریا بنایا جا رہا ہے، اس صورتحال کے خطرناک نتائج نکلیں گے،بابر سہیل بٹ کی شہادت اس سازش کی کڑی ہے، انہوں نے کہا کہ شہادتوں پر ہمیں فخر ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم کمزور ہیں، نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ 4اپریل کو گڑہی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر تاریخی جلسہ ہوگا۔