کرپشن ، نااہلی اور اختیارات کا ناجائزاستعمال قومی ترقی کے راستہ میں رکاوٹ ہے ، 2018 ء کے انتخابات میں عوام ووٹ کی طاقت سے کرپشن کے بادشاہوں کو مسترد کر دیں

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا لاہور میں خوشحال پاکستان فنڈ مہم کے کیمپوں کی افتتاحی تقاریب سے خطاب

پیر 13 مارچ 2017 23:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مارچ2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے لاہور میں خوشحال پاکستان فنڈ مہم کے لیے ٹائون شپ ، گرین ٹائون ، واپڈا ٹائون ، منہالہ ، سوامی نگر اور اچھرہ میں کیمپوں کا افتتاح کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کارکنان اور مخیر حضرات سے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ کرپشن ، نااہلی اور اختیارات کا ناجائزاستعمال قومی ترقی کے راستہ میں رکاوٹ ہے ۔

کرپٹ مافیا نے عوام پر زبردستی غربت ، مہنگائی ، دہشتگردی اور لاقانونیت مسلط کر دی ہے ۔ 2018 ء کے انتخابات میں عوام ووٹ کی طاقت سے کرپشن کے بادشاہوں کو مسترد کر دیں ۔ ووٹر جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تو ہم ملک بھر میں ہر بحران کا خاتمہ کر دیں گے ۔لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ عوام کے مالی تعاون کو امانت و دیانت سے خرچ کیا جاتاہے ۔

(جاری ہے)

نظام مصطفیٰؐہی عوام کے مسائل کا حل ہے ۔ سیکولر و مذہب بے زار طبقہ عاقبت نااندیش ہے ۔ اغیار کے اشاروں کی وجہ سے غیر ذمہ دار عیاش ذہن اسلام اور شعائر اسلام کی توہین کر رہاہے ۔ اسلامیان پاکستان ہر قربانی دے کر اسلامی قوانین اور آئین کی حفاظت کریں گے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ نائن الیون کے بعد فوجی آمروں کی غلط حکمت عملی نے امریکہ ، بھارت اور بیرونی عناصر کو کھلی چراگاہ مہیا کر دی جس کی وجہ سے آج پاکستان مشکلات سے دوچار ہے ۔ امریکہ اور بھارتی سازشوں اور جارحیت کے مقابلہ کے لیے از سر نو قومی پالیسی اور افغانستان سے تعلقات کی بحالی کی حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی ۔