مشینری پول آرگنائزیشن ڈائریکٹوریٹ نے 2,901,600 مربع گز پر محیط شہر کے مختلف علاقوں کی سڑکوں کی کارپٹنگ کا کام مکمل کر کے تقریباً 118.675 ملین روپے کی بچت کی، 33 ناکارہ گاڑیوںکی مرمت کر کے انکو آپریشنل کر کے استعمال میں لایا جا رہا ہے،میٹروپولیٹین کارپوریشن اجلاس میںمیئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کو بریفنگ

سی ڈی اے اور ایم سی آئی میں خود انحصاری اور دستیاب وسائل کے موثراستعمال کی روایت کی بنیاد رکھ دی ، ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کو مزید موثر اور فعال بنانے کیلئے جدید مشینری اور مزید مالی وسائل بھی مہیا کیے جائیں گے ، شیخ انصر عزیز

پیر 13 مارچ 2017 23:32

مشینری پول آرگنائزیشن ڈائریکٹوریٹ نے 2,901,600 مربع گز پر محیط شہر کے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مارچ2017ء) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کا آگاہ کیا گیا ہے کہ مشینری پول آرگنائزیشن (ایم پی او) ڈائریکٹوریٹ نے 2,901,600 مربع گز پر محیط شہر کے مختلف علاقوں کی سڑکوں کی کارپٹنگ کا کام مکمل کر کے تقریباً 118.675 ملین روپے کی بچت کی۔ مزید برآں 33 ناکارہ گاڑیاں بشمول بڑی مشینری کی مرمت کر کے انکو آپریشنل کر کے استعمال میں لایا جا رہا ہے۔

ان احداف کو گذشتہ چار ماہ میں نہایت کامیابی کے ساتھ قلیل مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچا یا گیا ہے۔ پیر کو میٹروپولیٹین کارپوریشن کا اجلاس میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا،اجلاس میں سی ڈی اے کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران آگاہ کیا گیا کہ مشینری پول آرگنائزیشن (ایم پی او) ڈائریکٹوریٹ نے بڑی شاہرائوں کی تعمیر سمیت شہر کی تقریباً 2,901,600مربع گزپر محیط سڑکوں کی کارپٹنگ کے کام کو کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے ۔

(جاری ہے)

شاہرائوں میں پیر سوہاوہ روڈ، G-8 رائونڈ ابائوٹ، سیکرٹریٹ، سیکٹر D-12 ، جناح کنونشن سینٹر، ڈپلومیٹک انکلیو، سیکٹر ای الیون کی سروس روڈ (نارتھ)، سہروردی روڈ نزدو بالمقابل سرینا ہوٹل، اور دیگر چھوٹی سڑکیں بھی شامل ہیں۔ اس منصوبے پر کل 203.636 ملین لاگت آئی ہے جبکہ دوسرے اداروں کی طرف سے لگائی گئی تخمینہ لاگت کے مقابلے میں 43.524 ملین روپے کی بچت کے ساتھ منصوبے کی تکمیل عمل پذیر ہوئی ہے۔

اسی طرح 37%مشینری اور آلات کی مد میں 75.151 ملین روپے بچت کے ساتھ کل بچت 118.151 ملین روپے بنتی ہے۔ 23 ناکارہ واٹر ٹینکرز کو ضروری مرمت کر کے مکمل طو رپر کارآمد قابل استعمال بنایا گیا ہے۔ سی ڈی اے ماڈل سکول کی ایک ناکارہ بس جس کو نیلام کیا جانا مقصود تھا کو قابلِ استعمال بنا کر سی ڈی اے ماڈل سکول کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ ایک ٹیوٹا ہائیس، دو ایکسکیویٹر، ایک روڈ رولر، ایک ڈیزل ٹینکر، دو نیو میٹک ٹائر رولر اور ایک ایئر کمپریسر بھی مرمت شدہ مشینری میں شامل ہیں ۔

اجلاس میں میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی میں خود انحصاری اور دستیاب وسائل کے موثراستعمال کی روایت کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت اسلام آباد کی تعمیر و ترقی کی ذمہ داری منتخب نمائندوں کو سونپی گئی اسوقت ایم پی او ڈائریکٹوریٹ ادارے پر بوجھ کے طور پر جانا جاتا تھا تاہم دستیاب وسائل کے بہتر استعمال کی حکمت عملی پر عملدرآمد کرتے ہوئے اس ڈائریکٹوریٹ کو ایک منافع بخش شعبے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کو مزید موئثر اور فعال بنانے کے لیے جدید مشینری اور مزید مالی وسائل بھی مہیا کیے جائیں گے۔