وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) ، ایم ایس ایف ، لیبر ونگ گلگت کے عہدیداروں کا اہم اجلاس

پیر 13 مارچ 2017 23:32

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) ، ایم ایس ایف ، لیبر ..
گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کے زیر صدارت مسلم لیگ (ن) گلگت، ایم ایس ایف گلگت، لیبر ونگ گلگت کے عہدیداروں اور کارکنوں کا اہم اجلاس ہوا جس میں 19مارچ کو ’’تجدید عہد امن ‘‘ سیف الرحمن شہید کی برسی گلگت کی سطح پر منانے کا فیصلہ کیا گیا جس کیلئے کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ۔

اس موقع پر اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ شہید امن کی برسی کے دوران شہر کا ٹریفک نظام متاثرنہ ہواور برسی کے تمام اخراجات پارٹی برداشت کرے گی سرکاری وسائل برسی کیلئے استعمال نہیں کئے جائیں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ شہید امن سیف الرحمن خان نے گلگت بلتستان میں قیام امن، نوگو ایریاز کے خاتمے کیلئے اپنی جان کی قربان دی اس لئے 19مارچ کو شہید امن کی برسی ’’تجدید عہد امن‘‘ کے طورپر منائی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصدگلگت بلتستان میںپائیدار امن کاقیام تھا ،حکومتی اقدامات کی وجہ سے گلگت بلتستان امن کاگہوارہ بن چکا ہے ،صوبے میں رونقیں بحال ہوئی ہے معاشرے میں سزاء و جزاء کا نظام قائم کیا گیا ہے تعمیر و ترقی کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے کارکنوں کا سر جھکنے نہیں دیا ہے ہر فورم پر گلگت بلتستان کا تشخص برقرار رکھا ہے صوبے میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا گیا ہے بلاتفریق تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے گلگت بلتستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے صوبے میں میگا پروجیکٹس کا آغاز کیا گیا ہے جس کے ثمرات عوام کو پہنچ رہے ہیں۔

جن حلقوں سے مسلم لیگ (ن) کو مینڈیٹ نہیں ملا تھا ان حلقوں میں بھی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ۔گلگت کوماڈل شہر بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ الیکشن کے دوران دیئے گئے پارٹی مینو فیسٹو کے 70فیصد اہداف حاصل کئے گئے ہیں صحت، تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر، میرٹ کی بالادستی، کرپشن کے خاتمے سمیت بہت سے اقدامات کئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ آج وہ لوگ بھی ہم پر تنقید کررہے ہیں جنہوں نے گلگت بلتستان کو بدامنی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ انتظامیہ، پولیس اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے گلگت بلتستان میں امن قائم ہوا ہے ۔ حکومت نے شہید امن سیف الرحمن خان کو تمغہ شجاعت کیلئے نامزد کیا ہے اور امن کیلئے کام کرنے والوں کو حکومت شہید امن سیف الرحمن خان کے نام پر امن ایوارڈ اور 50ہزار روپے انعام دے گی جنہوں نے علاقے کی امن کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :