استعمال شدہ تیل اور گھی کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اقدامات

استعمال شد ہ کوکنگ آئل صرف فوڈا تھارٹی کے لائسنس یافتہ بائیو ڈیزل بنانے والی فیکٹریوں کو فروخت کیا جا سکے گا بائیو ڈیزل بنانے کے علاوہ استعمال شدہ تیل کی کسی بھی مقصد کے لیے فروخت پر لائسنس کینسل اور قانونی کاروائی ہو گی ڈی جی فوڈ اتھار ٹی کی سربراہی میں ہونے والی ملاقات میں فیصلے، تمام سٹیک ہولڈرزکا اتفاق،فوری اطاق ہو گا

پیر 13 مارچ 2017 23:11

استعمال شدہ تیل اور گھی کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2017ء) سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں استعمال شدہ تیل اور گھی کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی اورفوڈ انڈسٹری کے تمام سٹیک ہولڈرز کی ملاقات میں متفقہ طور پر اہم فیصلے کیے گئے۔استعمال شدہ آئل کے دوبارہ استعمال کی شکایات اور اس سے پیدا ہونے صحت کے مسائل پر قابو پانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوڈ انڈسٹری کے تمام سٹیک ہولڈرز کے باہمی اتفاق سے یہ فیصلہ کیا ہے کہ استعمال شدہ تیل صرف فوڈا تھارٹی کے لائسنس یافتہ بائیو ڈیزل بنانے والی فیکٹریوں کو ہی فروخت کیا جا سکے گا۔

اس موقع پرڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا تھا استعمال شدہ کوکنگ آئل کا دوبارہ استعمال انتہائی پیچیدہ امراض کا باعث بنتا ہے۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی قوانین کے مطابق رینسڈ آئل یا استعمال شدہ تیل صرف بائیو ڈیزل یعنی ایندھن کے طور پر جلا نے کے کام لایا جاتا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی بھی اس سلسلے میں متعلقہ قوانین کو عالمی میعار سے ہم آہنگ کر چکی ہے اور اب استعمال شدہ تیل صرف لائسنس یافتہ بائیو ڈیزل بنانے والی کمپنیوں کے علاوہ کسی کو آئل فروخت کرنے پر سخت کاروائی اور مقدمہ درج ہو گا۔

فوڈ انڈسٹری کے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فوڈانڈسٹری استعمال شدہ تیل صرف بائیو ڈیزل انڈسٹری کو ہی بیچنے کی پابند ہوں گی۔ بائیو ڈیزل کے علاوہ استعمال شدہ تیل کسی بھی مقصد کے لیے بائیو ڈیزل کمپنیوں کے علاوہ کسی اور کو فروخت کرنے پر لائسنس کینسل اورسخت قانونی کاروائی ہو گی۔یہاں واضح رہے کہ استعمال شدہ کوکنگ آئل پہلے صابن سازی کی صنعت کو بھی فروخت کیا جاتا تھا جس پرمکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔

استعمال شدہ تیل بیچنے اور خریدنے والے مکمل ریکارڈ رکھنے کے پابند ہوں گے اورتمام ریکارڈ باقاعدگی سے فوڈ اتھارٹی کو فراہم کیا جائے گا۔ اس سلسلے میںفوڈانڈسٹری کی سہولت کے لیے پہلے سے موجود 13لائسنس یافتہ کمپنیوں کے علاوہ 100کو مزید کو لائسنس جاری کیے جائیں گے۔استعمال شدہ تیل کی خرید کی مجازتمام لائسنس یافتہ کمپنیوں کی لسٹ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے دفتر اور ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکے گی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں ہونے والی ملاقات میں کے ایف سی، لیز، میکڈونلڈسمیت تمام فوڈ چینز،لاہور بروسٹ، یاسر بروسٹ، گورمے، ٹرپل ای ایم، کیکس اینڈ بیکس، تمام بڑے ریسٹورنٹ اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے نمائندے موجود تھے۔ان فیصلوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

متعلقہ عنوان :