اے این پی پنجاب کے وفد کی پختونوں کے مسائل پر حکومت پنجاب کے وفد سے ملاقات

پیر 13 مارچ 2017 23:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2017ء) عوامی نیشنل پارٹی پنجاب کے وفد نے پختونوں کے خلاف کی جانے والی ہتک امیز کاروائیوں اور امتیازی سلوک کے حوالے سے پنجاب حکومت کے ایک وفد سے ملاقات کی ہے۔ اے این پی کے وفد میں صدر منظور احمد، مرکزی جائنٹ سیکرٹری قاضی اظہار، سینیئر نائب صدر عمر خان اور جائنٹ سیکرٹری بلوط خان موجود تھے، جبکہ دوسری جانب ایڈیشنل ہوم سیکرٹری پنجاب کرنل سید وجاہت ہمدانی، ایڈیشنل ائی جی فیصل ، سپورٹس منسٹر جہانگیر، ملک محمد احمدخان ترجمان پنجاب حکومت اور پاپولیشن ویلفیئر منسٹر ذکیہ شاہنواز پر مشتمل وفد نے پنجاب حکومت کی نمائندگی کی۔

ملاقات کے دوران اے این پی کے وفد نے پنجاب میں پختونوں کے خلاف کیے جانے والے امتیازی سلوک کے حوالے سے پنجاب کے وفد کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں شناختی کارڈ صرف پختونوں کے بلاک کیے جا رہے ہیں جبکہ آپریشن کے نام پر گھروں پر چھاپے مارنا اور تھانوں میں رجسٹریشن کے لیے صرف پختونوں کو ٹارگٹ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پشتو بولنے ولوں پر پنجاب کے دروازے بند کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ھر تھانے میں صرف پختونوں کی رجسٹریشن کی بھر مخالفت کی جائے گی۔رات کی تاریکی میں باپردہ پختونوں کے گھروں کی تلاشی فوری طور پر بند کی جائے۔اور اس سلسلے میں ایک جوڈیشل انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے اور دھشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹ اور نشاندہی کی بنیاد پر ھونی چاہیے۔

وفد نے بتایا کہ پختونوں کے ساتھ ہونے والے زیاتیوں کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔ پنجاب حکومت کی قوموں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی پالیسی سے ملک کمزور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں پشتونوں کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے اور پنجاب حکومت کی جانب سے کیے جانے والے امتیازی سلوک سے دہشت گردی بڑھنے کا اندیشہ ہے۔حکومت پنجاب کے وفد نے اے این پی کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ٹھوس اور مناسب اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ کسی قسم کا ابہام باقی نہ رہے۔ اے این پی کے وفد نے مسائل سننے اور ان کے حل کی یقین دہانی پر پنجاب حکومت کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔