نائن زیرو کے اطراف قانون نافذ کرنے والے اداروں کا آپریشن

4مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا‘ تفتیش جاری

پیر 13 مارچ 2017 23:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مارچ2017ء) قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کا پیر کو عزیز آباد نائن زیرو کے اطراف سرچ آپریشن ،4مشتبہ افراد زیر حراست تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے۔متحدہ قومی موومنٹ لندن گروپ کا ٹارگٹ کلر، اسٹریٹ کرمنل ، بھتہ خور اور غیر ملکی سمیت 8 ملزمان گرفتار کرلئے۔

اسلحہ موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد۔ تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے عزیز آباد کے علاقے نائن زیرو کے اطراف سرچ آپریشن کرتے ہوئے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو رکاوٹیں اور گاڑیاں لگا کر مکمل طور پر سیل کردیا اور تمام داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ لگا کر چیکنگ بھی شروع کردی۔

(جاری ہے)

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے مخصوص گھروں کی تلاشی لی اور جرائم پیشہ افراد کے ٹھکانوں پر چھاپے مار کر 4مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

باخبر ذرائع نے بتایا کہ مزکورہ آپریشن جرائم پیشہ افراد کی اطلاع پر کیا گیا ہے اور زیر حراست افراد کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ لندن گروپ سے بتایا جاتاہے جبکہ پولیس نے زیر حراست افراد سے لاعلمی ظاہر کردی۔ ادھر عوامی کالونی پولیس نے کورنگی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ لندن گروپ کے عسکری ونگ کا ٹارگٹ کلر انور علی کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش 20 افراد کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے اور ملزم انور علی بھتہ خوری کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ ادھر فیڈرل بی ایریا اور گلبہار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کرکے اسلحہ ، موٹر سائیکل اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ ادھر لیاقت آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خور خرم حسین کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔ملزم خرم حسین مختلف کمپنیوں کے سیلز مینوں کو علاقے میں دکانوں پر ڈیلیوری کرنے کا بھتہ وصول کرتا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔