سینیٹ اجلاس، پاکستان میں تیل کی قیمت خطے میں سب سے کم ہے،شاہد خاقان عباسی

پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں سے پیسے بنانے کا تاثر غلط ہے ،قیمتوں میں اضافے کا بڑا بوجھ حکومت خود برداشت کر رہی ہے، وفاقی وزیر پٹرولیم

پیر 13 مارچ 2017 22:52

سینیٹ اجلاس، پاکستان میں تیل کی قیمت خطے میں سب سے کم ہے،شاہد خاقان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2017ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تیل کی قیمت خطے میں سب سے کم ہے، پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں سے پیسے بنانے کا تاثر غلط ہے ،قیمتوں میں اضافے کا بڑا بوجھ حکومت خود برداشت کر رہی ہے۔پیر کو سینیٹ اجلاس میں تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان میں تیل کی قیمت خطے میں سب سے کم ہے۔

بھارت میں 114‘ بنگلہ دیش 112 اور پاکستان میں 72 روپے فی لٹر ہے ہم عوام پر کم سے کم بوجھ ڈال رہے ہیں،عالمی قیمت کا اثر 30 سے 60 دن بعد پاکستان پر ظاہر ہوتا ہے اس کے باوجود حکومت نے عوام پر اتنا بوجھ نہیں ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں سے پیسے بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت پٹرول پر پاکستان کے مقابلے میں فی لیٹر 40 روپے اضافی ٹیکس لگا رہا ہے۔

بنگلہ دیش 38 روپے لگا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کا بڑا بوجھ حکومت خود برداشت کر رہی ہے ، انہوںنے کہا کہ حکومت کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔ قبل ازیں سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اثر عام آدمی پر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اسلامی فلاحی ریاست کا کام عوام کی زندگیاں آسان بنانا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پٹرول کی کافی عرصہ سے 50 سے 60 ڈالر فی بیرل کے درمیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ایک فلاحی ریاست کی طرف جارہے ہیں تو حکومت کو پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا بوجھ خود پر لینا چاہیے۔ تیل کی قیمت میں اضافے کا بوجھ غریب آدمی پر پڑتا ہے۔ حکومت اس پر نظرثانی کرے اور عوام کو سہولت دے۔ سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ کوئی عوامی حکومت عوام کے مسائل میں اضافہ نہیں چاہتی۔ ہمیں اپنی ضرورت کا 72فیصد تیل درآمد کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولت دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،حکومت نے عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کے تناسب سے پاکستان میں قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا ۔

متعلقہ عنوان :