سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی روک تھام کے حوالے سے پی ٹی اے کو فی الفور اقدامات کرنے چاہئیں، ارکان قومی اسمبلی

پیر 13 مارچ 2017 22:39

اسلام آباد ۔13 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2017ء) مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی رسول اکرمﷺ کی حرمت پر کٹ مرنے کیلئے تیار ہے‘ سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی روک تھام کے حوالے سے پی ٹی اے کو فی الفور اقدامات کرنے چاہئیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ اپوزیشن کی ایوان میں واپسی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

سابق دور میں رسول اکرمﷺ کے گستاخانہ خاکے بنائے گئے‘ اب سوشل میڈیا پر یہ مہم جاری ہے۔ اس کا جسٹس شوکت صدیقی نے نوٹس لیا ہے۔ پی ٹی اے کو اس معاملے کا سوشل میڈیا پر نوٹس لینا چاہیے۔ ہم آقائے دو جہاں کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔ نعیمہ کشور خان نے کہا کہ توہین رسالت کے واقعات کا ہمیں سخت نوٹس لینا چاہیے۔

(جاری ہے)

متعلقہ وزارتوں کو اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔

مولانا قمر الدین نے کہا کہ ہم ملک میں امن اور سلامتی کے خواہاں ہیں اور بدامن کی بیخ کنی چاہتے ہیں۔ آقائے دو جہاں حضرت محمدﷺ کی ذات اقدس کی توہین ناقابل برداشت ہے۔ اس معاملے کو ہمیں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام انبیاء کو ماننے والے حضور سرور قونینﷺ کی عظمت کو تسلیم کرتے ہیں۔عائشہ سید نے کہا کہ گستاخ رسول کے حوالے سے آئین اور قانون میں سزا موجود ہے‘ کسی دوسرے مذہب پر کپچڑ اچھالنا بین الاقوامی قانون کے بھی خلاف ہے۔

وزارت داخلہ کو اس حوالے سے نوٹس لینا چاہیے۔ میجر (ر) طاہر صادق نے کہا کہ سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد بے حد افسوسناک ہے۔ دنیا میں معزز ترین شخصیت رسول اللہﷺ کی ذات ہے۔ اسلام کو بدنام کرنے کے طور طریقہ کا ہمیں مقابلہ کرنا ہوگا۔