کرم تنگی ڈیم شمالی وزیرستان کیلئے تباہی کا سبب بنے گا ، فاٹا سیکرٹریٹ اور پولیٹیکل انتظامیہ نے وزیر اعظم کو دھوکے میں رکھ کر کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھوا دیا ، ہمایوں برادران کو خوش کرنے کے لئے شمالی وزیرستان کو تباہ کیا جا رہا ہے ،کرم تنگی ڈیم نہ بنایا جائے ، اپنی قوم کو تباہی سے بچانے کے لئے احتجاج جاری رکھوں گا

پارلیمانی سیکرٹری تعلیم و رکن قومی اسمبلی نذیر خان کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 13 مارچ 2017 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مارچ2017ء) پارلیمانی سیکرٹری تعلیم و رکن قومی اسمبلی نذیر خان نے کہا ہے کہ کرم تنگی ڈیم شمالی وزیرستان کے لئے تباہی کا سبب بنے گا ، وزیر اعظم نواز شریف 3 دفعہ میرے خواب میں آئے جس پر (ن) لیگ میں شمولیت اختیار کی تاہم فاٹا سیکرٹریٹ اور پولیٹیکل انتظامیہ نے وزیر اعظم کو دھوکے میں رکھ کر کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھوا دیا ۔

لکی مروت کے ہمایوں برادران کو خوش کرنے کے لئے شمالی وزیرستان کو تباہ کیا جا رہا ہے ، خدارا کرم تنگی ڈیم نہ بنایا جائے ، اپنی قوم کو تباہی سے بچانے کے لئے احتجاج جاری رکھوں گا ۔ وہ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے کی آبادی5 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے اگر علاقے میں کرم تنگی ڈیم بن گیا تو ان پانچ لاکھ افراد کے گھر فصلیں اجڑ جائیں گی ۔

(جاری ہے)

میں آزاد حیثیت سے انتخاب لڑ کر کامیاب ہوا ۔ وزیر اعظم نواز شریف سے محبت کی وجہ سے (ن) لیگ میں شمولیت اختیار کی ۔ وزیر اعظم نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا میرے خواب میں 3 مرتبہ آئے تو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی تاہم کرم تنگی ڈیم پر نہ مجھے اور نہی ہی میری قوم کو اعتماد میں لیا گیا ۔ فاٹا سیکرٹریٹ اور پولیٹیکل انتظامیہ نے وزیر اعظم کو اندھیرے میں رکھ کر ڈیم کا سنگ بنیاد رکھوا دیا ۔

یہ ڈیم شمالی وزیر ستان کی آئندہ نسل کی تباہی کا سبب بنے گا ۔ انہوں نے کہا کہ لکی مروت کے ہمایوں برادرز کو خوش کرنے کے لئے شمالی وزیرستان کو تباہ کیا جا رہا ہے ۔ ماضی میں بھی ہمارے ساتھ زیادتیاں کی گئیں اب بھی کی جا رہی ہیں ۔ خدارا کرم تنگی ڈیم کو نہ بنایا جاء اپنی قوم کو تباہی سے بچانے کے لئے احتجاج جاری رکھوں گا ۔ …(م د+ار)