خیبر پختونخوا ،معدنیات ،افرادی قوت سے مالا مال ہے اس کے باوجود ماضی میں خاطر خواہ ترقی حاصل نہیں ہوئی،قدرتی و انسانی وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار نہیں لایا گیا ، بیروزگاری و دیگر چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو فرو غ دیا جائیگا،

پشاور میں دس سال بعد منرلز اینڈ جیمز شو کا انعقاد اس صوبے اور معدنی شعبے کی ترقی و ترویج کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان کاافتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 13 مارچ 2017 22:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مارچ2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ ہمارا صوبہ قیمتی معدنیات کی دولت اور محنتی افرادی قوت سے مالا مال ہے تاہم اس کے باوجود ماضی میں خاطر خواہ ترقی حاصل نہیں ہوئی اور ان قدرتی و انسانی وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار نہیں لایا گیا یہی وجہ ہے کہ موجودہ صوبائی مخلوط حکومت کا یہ وژن ہے کہ صوبے کے وسائل سے زیادہ استفادہ اٹھایا جائے اور بیروزگاری و دیگر چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو فرو غ دیا جائے۔

پشاور میں دس سال بعد منرلز اینڈ جیمز شو کا انعقاد اس صوبے اور معدنی شعبے کی ترقی و ترویج کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز پشاور میں 17ویں آل پاکستان تین روزہ جیمز اینڈ منرلز شو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب سے وزیر اعلی پرویز خٹک، سیکرٹری معدنیات سید ظہیرالسلام شاہ، خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈیویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے غلام دستگیر و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر مہرتاج روغانی، مشیر مواصلات اکبر اایوب، معاون خصوصی عبدالکریم خان ، ایرانی قونصل جنرل، تجارتی و کاروباری حضرات، محکمہ معدنیات کے افسران واہلکاروں اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کے دوران سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا کہ صوبائی حکومت نے معدنی شعبے کوصحیح راستے پر گامزن کرنے کی غرض سے نیا منرل ایکٹ پاس کیا ہے جو موجودہ حکومت کا کامیابی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے قانون کی بدولت نہ صرف ادارہ جاتی گورننس اور ترقی تیز تر ہوجائے گی بلکہ یہ کان کنی کے طریقہ کار اور سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ معدنیات میں جدید اصلاحات لانے میں صوبائی وزیر معدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی اور سیکرٹری معدنیات سید ظہیر السلام کی پوری ٹیم کی کوشش کا رفرماہے جن کی بدولت اس شعبے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہورہی ہے۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے باضابطہ طور پر منرل اینڈ جیمز شو کا افتتاح کیااور صوبے میں پائے جانے والی مختلف قیمتی معدنی پتھر کے سٹالز دیکھے۔

متعلقہ عنوان :