جرمنی کا بین الاقوامی برادری سے متعدد افریقی ممالک میں بھوک اور قحط کے خلاف عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ

پیر 13 مارچ 2017 21:54

برلن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2017ء) جرمنی کے وزیر خارجہ زیگمار گابریئل نے بین الاقوامی برادری سے متعدد افریقی ممالک میں بھوک اور قحط کے خلاف عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق گابریئل نے یہ مطالبہ اقوام متحدہ کے ہنگامی امور کے رابطہ کار اسٹیفن اوبرائن سے ٹیلی فون پر کی گئی گفتگو کے بعد کیا۔

(جاری ہے)

اس گفتگو کے دوران گابریئل کا کہنا تھا کہ بھوک اور قحط کے خلاف اگر عالمی برادری نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات نہ کیے تو متاثرہ علاقوں میں لاکھوں انسانوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ جرمنی نے ان متاثرہ علاقوں میں خوراک کی فراہمی کے لیے 15 ملین یورو فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق کینیا، صومالیہ، جنوبی سوڈان اور یمن میں 20 ملین سے زیادہ انسان قحط کا شکار ہیں۔

متعلقہ عنوان :