Live Updates

پی ٹی آئی عوامی حلقوں میں پانامہ کیس سے متعلق غلط افواہیں پھیلا رہی ہے ، سپریم کورٹ کے فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے ، وزیراعظم کی طرف سے کسی ادارے سے متعلق اثرانداز ہونے والا بیان نہیں آیا ، نوازشریف منصوبوں کا افتتاح کریں تو مخالفین کو تکلیف ہوتی ہے ، اپنے خلاف فیصلہ آنے پر عمران خان بہتان تراشی کرتے ہیں ، 2013کے مقابلے میں آج کا پاکستان بہت بہتر اور ترقی کررہا ہے ، 18سال بعد مردم شماری بھی وزیراعظم کے دور میںہورہی ہے ، مریم نواز نے پاکستان کا پہلا یوتھ لون پروگرام شروع کیا ، ان کی حیثیت کا تعین اسی ملک کے عوام نے کرنا ہے

وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب اوررکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کا مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 13 مارچ 2017 20:47

پی ٹی آئی عوامی حلقوں میں پانامہ کیس سے متعلق غلط افواہیں پھیلا رہی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مارچ2017ء) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اوررکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عوامی حلقوں میں پانامہ کیس سے متعلق غلط افواہیں پھیلا رہی ہے ، سپریم کورٹ کے فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے ، وزیراعظم کی طرف سے کسی ادارے سے متعلق اثرانداز ہونے والا بیان نہیں آیا ، وزیراعظم منصوبوں کا افتتاح کریں تو مخالفین کو تکلیف ہوتی ہے ، اپنے حق میں فیصلہ نہ آنے پر عمران خان بہتان تراشی کرتے ہیں ، 2013کے مقازبلے میں آج کا پاکستان بہت بہتر ہے ، آج کا پاکستان مسلسل ترقی کررہا ہے ،گزشتہ دورحکومت میں 18گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی ، 18سال بعد مردم شماری بھی وزیراعظم محمد نوازشریف کے دور میںہورہی ہے ، مریم نواز نے پاکستان کا پہلا یوتھ لون پروگرام شروع کیا ، مریم نواز کی حیثیت کا تعین اسی ملک کے عوام نے کرنا ہے۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو یہاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیرمملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے عوامی حلقوں میں غلط تاثر پھیلایا جا رہا ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر اثر انداز ہونے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے حق میں فیصلے نہیں آتے تو بہتان تراشیاں کرتے ہیں ، وزیراعظم نے استثنیٰ کے باوجود خود کو احتساب کیلئے پیش کیا، ہماری حکومت نے ملک میں توانائی سمیت دیگر بحرانوں پر قابو پایا ہے ، وزیراعظم کی بہترین کارکردگی کے باوجود مخالفین منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 19سال مردم شماری بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کروا رہی ہے ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ 16سی4گھنٹے پر ہماری حکومت لائی ہے ، معاشی بحران پر قابو پایا جس کے دنیا بھر کے ادارے معترف ہیں ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ تین بار منتخب ہونے والے محمد نوازشریف ، عوام کے مقبول ترین وزیراعظم ہیں ، تمام تر منفی پروپیگنڈے کے باجود سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ سنائے گی اسے ہم قبول کریں گے ۔ سوشل میڈیا پر مسلم لیگ (ن) اور خصوصاً مریم نواز کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے ، مریم نواز نے پاکستان کا پہلا یوتھ لون پروگرام شروع کیا ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ خان صاحب کو وزیراعظم کے فیتے کاٹنے کی بہت تکلیف ہوتی ہے ۔ 2013کے مقابلے میں آج کا پاکستان بہت بہتر ہے ، پاکستان کی سٹاک ایکس چینج مارکیٹوں کا شمار دنیا کی بہترین مارکیٹوں میں ہورہا ہے ، عالمی ادارے بھی پاکستانی معیشت کی بہتری کے معترف ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے استثنیٰ کے باوجود خود کو احتساب کیلئے پیش کیا ۔ شریف فیملی کی دستاویزات پر میٖڈیا ٹرائل کی کوشش کی گئی ، وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ کا بدترین میڈیا ٹرائل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو ٹیکس چوری اور جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کی کوشش کی گئی مگر ہمیں عدلیہ پر پورا اعتماد ہے ۔ مریم نواز نے پاکستان کا پہلا ہیلتھ کیئر پروگرام شروع کیا ان کی حیثیت عوام طے کرے گی ،سازشوں اور الزامات کے باوجود جیت حق کی ہوگی ۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے پہلے ہی پی ٹی آئی کا منفی پراپیگنڈہ جاری ہے ، مسلم لیگ (ن) کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے ، یکطرفہ جملوں کے ذریعے میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کی مہم جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ آئینی اداروں کو ڈکٹیٹ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ تحریک انصاف اداروں کی تضحیک کر رہی ہے ، فیصلے سے پہلے فیصلہ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔

دانیا عزیز نے کہا کہ پی ٹی آئی ججوں کے منتخب ریمارکس کو سوشل میڈیا پر مشتہرکر رہی ہے ،کہا جا رہا ہے کہ نوازشریف بری بھی ہوگئے تو باعزت بری نہیں ہوں گے ، تحریک انصاف منفی اور گری ہوئی سیاست کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز اپنے والد کی زیر کفالت نہیں ہیں ، مریم نواز کے زیر کفالت ہونے کا ثبوت الیکشن کمیشن میں پیش کیا گیا ۔ اصل حقائق یہ ہیں کہ وزیراعظم کا پانامہ کیس میں نام ہی نہیں ہے ، پی ٹی آئی کا تازہ اعلان یہ ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کو نشانہ بنائیں گے ۔ دانیال عزیز نے کہا کہ ابھی فیسلہ محفوظ ہے اور الیکشن کمیشن کے خلاف جنگ کا اعلان کر دیا گیا، میڈیا پر مہم کو ختم ہونا چاہیے ، مسلم لیگ (ن) کے پاس ان سے زیادہ مواد ہے ۔ (ن م)
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات