پاکستان میں تیل کی قیمت خطے میں سب سے کم ہے‘ وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی

پیر 13 مارچ 2017 20:01

پاکستان میں تیل کی قیمت خطے میں سب سے کم ہے‘ وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد ۔13 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2017ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تیل کی قیمت خطے میں سب سے کم ہے‘ ٹیکسوں سے پیسے وصول کرنے کے حوالے سے تاثر درست نہیں۔ پیر کو ایوان بالا میں تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان میں تیل کی قیمت خطے میں سب سے کم ہے۔

بھارت میں 114‘ بنگلہ دیش 112 اور پاکستان میں 72 روپے فی لٹر ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم عوام پر کم سے کم بوجھ ڈال رہے ہیں اور عالمی قیمت کا اثر 30 سے 60 دن بعد پاکستان پر ظاہر ہوتا ہے۔ اس کے باوجود حکومت نے عوام پر اتنا بوجھ نہیں ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں سے پیسے بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت پٹرول پر پاکستان کے مقابلے میں فی لٹر 40 روپے اضافی ٹیکس لگا رہا ہے۔

بنگلہ دیش 38 روپے لگا رہا ہے۔ حکومت کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ اس حوالے سے عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔ قیمتوں میں اضافے کا بڑا بوجھ حکومت خود برداشت کر رہی ہے۔ قبل ازیں سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اثر عام آدمی پر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اسلامی فلاحی ریاست کا کام عوام کی زندگیاں آسان بنانا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پٹرول کی کافی عرصہ سے 50 سے 60 ڈالر فی بیرل کے درمیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ایک فلاحی ریاست کی طرف جارہے ہیں تو حکومت کو پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا بوجھ خود پر لینا چاہیے۔ تیل کی قیمت میں اضافے کا بوجھ بلاآخر غریب آدمی پر پڑتا ہے۔ حکومت اس پر نظرثانی کرے اور عوام کو سہولت دے۔ سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ کوئی عوامی حکومت عوام کے مسائل میں اضافہ نہیں چاہتی۔ ہمیں اپنی ضرورت کا 72فیصد تیل درآمد کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قیمتیں اس تناسب سے نہیں بڑھائیں جس تناسب سے عالمی سطح پر بڑھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولت دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔