ایس ای سی پی نے حبیب میٹرو پولیٹن مضاربہ مینجمنٹ کمپنی کو 30 کروڑ روپے کا نیا مضاربہ جاری کرنے کی منظوری دے دی

پیر 13 مارچ 2017 18:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2017ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے حبیب میٹرو پولیٹن مضاربہ مینجمنٹ کمپنی کوحبیب میٹرو مضاربہ کے نام سے 30 کروڑ روپے کا نیا مضاربہ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ ایس ای سی پی کے مطابق حبیب میٹرو پولیٹن مضاربہ مینجمنٹ کمپنی اس وقت فرسٹ حبیب مضاربہ کی مینجمنٹ کر رہی ہے جو کہ سٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ بھی ہے۔

اس کمپنی کی مینجمنٹ میں یہ نیا مضاربہ مالی خد مات فراہم کرنے والا مضاربہ ہو گا جو کہ انفرادی اور کارپوریٹ صارفین کو گاڑیوں کے حصول اور خریداری کے لئے سہولت فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ یہ مضاربہ صارفین کو اجرا ماڈل کے تحت سولر پاور سسٹم ، جنریٹرز ، تعمیراتی مشینری، کمرشل اور زرعی مشینری کے لئے بھی فنانس فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

حبیب میٹرو مضاربہ کے تحت فنانسنگ کی خدمات فراہم کرنے کے لئے ابتدائی طور پر کمپنی کی جانب سے تیس کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں سے نوکروڑ روپے کے مضاربہ سرٹیفکیٹ حبیب میٹروپولیٹن مضاربہ مینجمنٹ کمپنی اور حبیب میٹروپلیٹن بینک کو فروخت کر دیئے جائیں گے جبکہ بقایا بیس کروڑ روپے کے مضاربہ سرٹیفیکیٹ عوام کو فروخت کے لئے پیش کئے جائیں گے۔

مضاربہ کے یہ سرٹیفیکٹ سٹاک ایکس چینج میں بھی لسٹ کئے جائیں گے۔ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ یہ عوام کو اسلامی اصولوں کے مطابق سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :