ایس ای سی ایم سی اور ریحام خان نے سندھ کے گاؤںمیں پہلے مفت وائی فائی کا افتتاح کر دیا

پہلے مرحلے میں سنھڑی درس اور تھاریو ہالیپوتو نامی دو گاؤں میں دو ایم بی کی رفتار کی مفت وائی فائی سہولت فراہم کی گئی ، چیف ایگزیکٹوایس ای سی ایم سی

پیر 13 مارچ 2017 17:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2017ء) عوام کو معلوماتِ عامہ تک رسائی فراہم کر کے با اختیار بنانے کے مقصد کے تحت سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی(SECMC) نے وطین ٹیلی کام کے تعاون سے سندھ کے علاقے تھرپار کے دیہاتوں کو مفت وائی فائی کا افتتاح کردیا۔تھرپارکر کے علاقے تعلقہ اسلام کوٹ کے گاؤں سنھڑی درس میں منعقدہ تقریب میں SECMCکے چیف ایگزیکٹو آفیسر شمس الدین شیخ اور ٹی وی کی مشہور و معروف شخصیت اور فلم ساز ریحام خان نے افتتاح کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ صاحب نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سنھڑی درس اور تھاریو ہالیپوتو نامی دو گاؤں میں 3 MB کی رفتار کی مفت وائی فائی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے مرحلے میں تھر بلاکII کے تمام اسکولوں کو مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

شیخ صاحب نے کہا کہ ہم اپنی میزبان برادریوں کے بچوں کو ملک کے شہری علاقوں کے بچوں کے برابر 21ویں صدی میں لے جانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ آنے والے مرحلوں میں پورے تھر بلاک II کو ایک مفت وائی فائی کا بلاک بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں زمینی کام کی تیاری کی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس سے پہلے ہی تقریبًا 10ہزار باشندوں پر مشتمل آبادی کی حامل اپنی میزبان برادریوں کو معیاری تعلیم، انتہائی جدید صحتِ عامہ کی سہولیات اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے ایک جامع کارپوریٹ سماجی ذمے داری (corporate social responsibility) کے منصوبے پر عمل در آمد کر رہے ہیں۔

شیخ صاحب نے مزید بتایا کہ تھر کول بلاک II کے رہائشیوں کے لیے مستحق طالبِ علموں کو اسکالر شپ کی فراہمی اور تھری ٹرینی انجینیئرز پروگرام بھی جاری ہیں۔ریحام خان نے کہا کہ انٹرنیٹ ضروریات زندگی کا حصہ بن گیا ہے اور تھر پارکر کے سماجی و معاشی اعتبار سے پسماندہ عوام کواس طرح کی مفت سہولت فراہم کرنا ایک عظیم مقصد ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی سہولت انہیں معلوماتِ عامہ اور تعلیم کے زیور سے آراستہ کرے گی جس کے نتیجے میں وہ ملک کے شہری علاقوں میں رہنے والے اپنے دیگر ہم وطنوں کے برابر کھڑے ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :