مسلم لیگ (ق) نے شاہ پور کانجراں مویشی منڈی میں خرد برد پر تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی

جانوروں کو ای ٹیگ لگانے کی بجائے رشوت لے کر بیچا جارہا ہے ،مویشی منڈی کا مکمل آڈٹ ،فی الفور انکوائری کی جائے ‘خدیجہ فاروقی

پیر 13 مارچ 2017 17:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے شاہ پور کانجراں مویشی منڈی میں مبینہ خرد برد اور رشوت لے کر ای ٹیگ باٹنے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ۔رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ فاروقی نے اپنی تحریک میں کہا کہ ای ٹیگ جانوں کے کان پر لگائے جانے کا منصوبہ ہے اس کا بنیادی مقصد خرید و فروخت کیلئے مارکیٹ میں لائے جانے والے جانوروں کا طبی معائینہ کرنا تھا تاکہ معلوم ہوسکے کہ آیا کوئی جانور کسی وائرل بیماری کا شکار تو نہیں تاکہ اسے اس ڈیٹا کی بنیاد پر ویکسینیشن دی جاسکے اور جانوروں میں بیماری کنٹرول کرکے مویشی پال حضرات کو کسی ناگہانی آفت اور مالی نقصانات سے بچایا جاسکے۔

مگر ایم ڈی مویشی منڈی احتشام جو سفارش پر یہاں تعینات ہیں اور انہیں بھر پور سیاسی پشت پناہی حاصل ہے اس نے سارے پروگرام کو سبوتاژ کر دیاہے ۔

(جاری ہے)

ایک اخباری اطلاع کے مطابق ای ٹیگ کے نام پر لاکھوں روپے ہفتہ بٹورا جارہا ہے ۔خدیجہ فاروقی نے اپنی تحریک میں مطالبہ کیا کہ شاہ پور کانجراں مویشی منڈی کا آڈٹ کروایا جائے اور قومی خزانے کو نقصان پہچانے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

انہوںنے تحریک جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ شاہ پور کانجران مویشی منڈی کویہاں سے شفٹ کیا جارہا ہے اس کی حوالے سے 4ارب44کروڑ روپے کے فنڈز بھی منظور کروالیے گئے ہیں جو یقینی طور پر اس بدعنوان انتظامیہ اور عملہ کے ہاتھ لگے تو خرد برد ہونگے ۔انہوںنے کہا کہ مکمل انکوائری تک کسی قسم کا کوئی فنڈز جاری نہ کیا جائے ۔