پنجاب کومبنگ آپریشن، افغان آبادیوں سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی گئیں

افغان اور پشتون آبادیوں میں آپریشن کے دوران احتئاط برتی جائے۔ پولیس کو ہدایات

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 13 مارچ 2017 16:14

پنجاب کومبنگ آپریشن، افغان آبادیوں سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی گئیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 مارچ 2017ء) : پنجاب میں کومبنگ آپریشن کے دوران پشتون اور افغان آبادیوں سے متعلق نئی ہایت جاری کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پشتون اور افغان آبادیوں میں آپریشن کے دوران احتیاط برتیں۔محکمہ پولیس کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا کہ ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن رد الفساد میں خود کش حملہ آوروں، دہشت گردوں کی اور سہولت کاروں کی پکڑ دھکڑ اور گرفتاری کے لیے کومبنگ آپریشن اور انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز کے دوران تمام حفاظتی اقدامات کو بروئے کار لایا جائے۔

محکمہ پولیس کی جانب سے جاری کی گئی نئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی ادارے پنجاب پولیس کے احکامات اور ہدایات پر بھی عمل کریں۔

(جاری ہے)

ہدایت نامے میں کہا گیا کہ گھر گھر آپریشن کے دوران تلاشی لینے کے لیے خواتین اہلکار کو بھی آپریشن کا حصہ بنایا جائے۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی کہ شدت پسندوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن اصولی بنیادوں پر بغیر کسی رنگ و نسل، فرقے اور تعصب کے تمام حقائق کو مد نظر رکھ کر کیا جائے۔

کسی بھی مخصوص کمیونٹی یا علاقے کو ٹارگٹ نہ بنایا جائے بلکہ مصدقہ اور جامع انٹیلی جنس اطلاعات پر ہی کارروائی کی جائے۔ ہدایات میں بتایا گیا کہ کرائے دار کی مشکوک اور مجرمانہ سرگرمیوں کا ذمہ دار مکان مالک کو ٹھہرا کر اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔آپریشن کے دوران تمام ہوٹلوں، سرائے خانوں، اور گھروں میں رہائش پذیر افراد، مسافروں اور کرائے داروں کے مکمل کوائف کی معمول کے مطابق چیکنگ کے ساتھ ساتھ ان کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔

ہدایت نامہ میں مزید کہا گیا کہ پشتون اور افغان آبادیوں میں آپریشن کے دوران احتیاط برتنے کے ساتھ ساتھ مقامی افغان یا پشتو بولنے اور سمجھنے والے کسی فرد کو بطور نمائندہ و مترجم ساتھ رکھا جائے گا، تاکہ مخصوص علاقہ جات اور کمیونٹی میں آپریشن کے دوران تعاون میں کمی نہ ہو اور آپریشن سے متعلق مقامی افراد کو اعتماد میں لیا جاسکے۔ یہ تمام مندرجہ بالا  ہدایات ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس، اسپیشل برانچ ، سی ٹی ڈی لاہور، کیپٹل سٹی پولیس، تمام ضلعی پولیس آفیسرز، ڈی آئی جی آپریشنز، شہر بھر کے پولیس آفیسرز کو جاری کر دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :