چیف الیکشن کمشنر کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق مزید دلائل طلب

پیر 13 مارچ 2017 16:15

چیف الیکشن کمشنر کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مارچ2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی فیصلے کے خلاف بیان بازی کرنے پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سر دار محمد رضا کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق مزید دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

(جاری ہے)

سوموار کے روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد بلال حسن نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار محمود اختر نقوی نے موقف اختیار کیا کہ چیف الیکشن کمشنر نی2015میں ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف بیان دیااور وہ عدالتی احترام نہ کرنے کے باعث اپنے عہدے پر تعینات نہیں رہ سکتے۔

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ سابق جج کی جانب سے عدالتی فیصلے کے خلاف بیان بازی کرنے پر توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔ جس پر عدالت نے درخواست گزار کو آئندہ سماعت پر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق مزید دلائل کے لئے طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی۔