بے لگا م بھارتی فوج کی پھر کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ، دوافراد زخمی

شری کوٹ سیکٹر میںآبادی پر فائرنگ کی گئی، ایک بزرگ اور لڑکی زخمی ہوئے،آئی ایس پی آر پاک فوج کی جوابی کارروائی سے دشمن کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی،بندوقیں خاموش ہوگئیں

پیر 13 مارچ 2017 12:03

بے لگا م بھارتی فوج کی پھر کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ، دوافراد ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2017ء) بے لگا م بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شری کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے دشمن کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی،بندوقیں خاموش ہوگئیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے شری کوٹ سیکٹر میں مقامی آبادی کو نشانہ بنایا۔

پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ بھارتی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں گاوں چفہ کا رہائشی 60 سالہ بزرگ اور ایک 15 سالہ لڑکی زخمی ہوگئی جنہیں طبی امداد کیلئے عباس پور سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی بندوقیں خاموش کرادیں ۔

ذرائع کے مطابق دشمن کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی۔خیال رہے کہ 9 مارچ کو بھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک پاکستانی خاتون زخمی ہوگئیں تھیں۔اس سے قبل گزشتہ ماہ 26 فروری کو بھی آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 4 خواتین زخمی ہوئی تھیں۔14 فروری کو بھی لائن آف کنٹرول پر تھوب سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 3 پاکستانی فوجی شہید ہوگئے تھے۔