مردم شماری کی ساکھ کو بہتر بنانے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کئے جائے‘ وزیر اعلیٰ سندھ

اتوار 12 مارچ 2017 23:21

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ چھٹی مردم شماری کی ساکھ کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کریں اور میکنزم کو بہتر بناتے ہوئے بلاک کے حساب سے اطلاعات و معلومات روزانہ کی بنیاد پر جمع کئے جانے چاہیے جو کہ عام لوگوں کے دسترس میں بھی ہوں۔

انہوں نے یہ بات وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے نام لکھے گئے ایک خط میں کہی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ چھٹی مردم شماری کا کام ایک انتہائی اہم ٹاسک ہے جس کے لئے مربوط اقدامات، کاوشیں اور وسائل کے استعمال کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہریوں کے درست اعداد و شمار کا شمار کرانا نہایت ضروری ہے کیونکہ ہماری دیگر منصوبہ بندی اور امور کا اسی ڈیٹا پر انحصار ہوگا لہذا ہمیں ہر ایک شہری کو شمار کرنے کو یقینی بنانا ہوگا اور اعداد و شمار میں کسی بھی قسم کی مبالغہ آرائی نہیں ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے اسحاق ڈار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کام موثر اور شفاف طریقے سے ہونا چاہیے تاکہ حقائق کی صحیح تصویر سامنے آسکے۔ انہوں نے خط میں مزید کہا کہ مردم شماری پر لوگوں کے اعتماد کی بحالی کو یقنی بناناضروری ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ چھٹی مردم شماری اچھی ساکھ کی حامل ہونی چاہیے اور اس حوالے سے قانون و قوائد کے تحت تمام تر ضروری اقدامات کئے جانے چاہیے۔

انہوں نے اسحاق ڈار کو چند سفارشات دی جس میں مردم شماری بلاک کے حساب سے ہو اور روزانہ کی بنیاد پر مردم شماری REN-2فارم پر مرتب کی جائے اور اسکی عام لوگوں تک رسائی بھی ہو۔ اور شماریات (Statistics) ڈویژن کی ویب سائٹ پر رکھا جائے اور یہ پبلک سیکیورٹی کے لئے ڈسٹرکٹ سینسس آفیسر کے دفتر میں بھی دستیاب ہونی چاہیے۔ وزیراعلیٰ سند ھ نے دیگر سفارشات میں کہا کہ ایک میکنزم کی ضرورت ہے جس کے تحت عام افرادحتمی فہرست سے قبل اپنی شکایات کا اندراج کرا سکے ۔

وفاقی /صوبائی سطح پر عوام کے مسائل کے تدارک کے لئے ایک باڈی تشکیل دی جائے۔ اپنے خط میں تیسری تجویز میں انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں کمپیوٹرائز شناختی کارڈ ہونے کی لازمی شرط میں بھی نرمی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو شناخت ثابت کرنے کے لئے دیگر فارم اور طریقے دستیاب ہیں جنہیں وہ لوگ جن کے پاس کمپیوٹرائز شناختی کارڈ نہیں ہیں وہ استعمال کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے امید ظاہر کی کہ مردم شماری کی ساکھ کو بہتر بنایا جائیگا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انہیں مثبت جواب ملنے کی توقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے عمل کو شفاف طریقے سے یقینی بنایا جا ئے جو کہ سب کے لئے قابل قبول ہو۔