اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعمیر نہیں ہو سکتا‘ گورنر سندھ

اتوار 12 مارچ 2017 23:21

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ تعلیم انسان کو شعور دیتی ہے‘ جدید دور میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعمیر نہیں ہو سکتا ، ملک کی تعمیر و ترقی میں تعلیم بنیاد ی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی بہتر اور درست طریقہ سے ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکتا ہے ،پاکستان با الخصوص صوبہ سندھ میں جدید دور کے تقاضو ں کے مطابق اعلیٰ تعلیم کے لئے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں اس ضمن میں نجی شعبہ معیار تعلیم کے فروغ میں انتہائی معاون ثابت ہو رہا ہے اور ملیر یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اعلیٰ تعلیم کی فراہمی میں اہم ثابت ہوگی ۔

اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملیر یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی گرائونڈ بریکنگ تقریب سے خطاب میں کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملیر یونیورسٹی کی ایڈوائژری کونسل کے چیئر مین سابق سینیٹر جاوید جبار ، پروفیسر ڈاکٹر ٹیپو سلطان، پروفیسرڈاکٹر شیر شاہ، پروفیسر ڈاکٹر سراج الدولہ سمیت یونیورسٹی کے پروفیسرز، ڈاکٹرز اور ماہر تعلیم سمیت دیگر بھی بڑی تعدا د میں موجود تھے۔

گورنر سندھ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ میں ملیر یونیورسٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا روشن اور تابناک مستقبل دیکھ رہا ہوں کیونکہ اس یونیورسٹی کی بنیاد ایک ایسے گھرانہ نے رکھی ہے جس کی طب میں بے مثل خدمات ہیں ، اس گھرانہ نے اپنے 16 ایکڑ اراضی پر قائم فارم ہائوس کوتعلیمی درس میں تبدیل کرکے اپنے انسانیت سے قائم رشتہ محبت کو مزید اجاگر کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے پسماندہ علاقہ میں اعلیٰ تعلیمی درس گاہ کا قیام قوم کو جدید معیار کی تعلیم فراہم کرنا مقصود ہے عطیہ اینڈ ظفر فائونڈیشن نے اعلیٰ معیار کی درس گاہ کے لئے پہلے شہر کے ایک پسماندہ علاقہ کا انتخاب کیا اور پھر اپنے اس خواب کو شرمندہ تعمیر کرنے کے لئے شب و روز محنت کررہے ہیں اوربہت جلد یہ منصوبہ اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ ہم سب کے سامنے موجود ہوگا بلاشبہ یہ ایک عظیم شاہکار ہوگا جہاں غریب طالب علم اپنے علم کی پیاس کو بجھائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ اعلیٰ معیار تعلیم باالخصوص جدید دور کے تقاضوں کی سہولیات کے ساتھ فروغ علم میں بھرپور کردار ادا کررہا ہے اسی جذبہ اور وژن کے ساتھ ہم ملک و قوم کی بہتر اندا زمیں خدمت کرسکتے ہیں ملیر یونیورسٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے قیام پر میں عطیہ اینڈ ظفر فائونڈیشن خاص طور پر پروفیسر ڈاکٹر ٹیپو سلطان کو مبارک باد پیش کرتاہوں جنھوں نے اپنی قیمتی قطعہ ارضی کو نیک مقصد کے لئے وقف کیا یہی نہیں بلکہ اس نیک مقصد کے لئے شہر کے ایک پسماندہ علاقہ کا انتخاب کیا بلاشبہ یہ قابل تقلید اقدام ہے امید ہے کہ اس درس گاہ کے طلبہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بعد ملک و قوم کا نام روشن کرینگے ۔

تقریب سے ملیر یونیورسٹی کی ایڈوائژری کونسل کے چیئر مین سابق سینیٹر جاوید جبارنے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :