سکردو شہر میں اگلے ماہ سے لوڈ شیڈینگ میں بہتری آئے گی،سینئر وزیر حاجی اکبر تابان

اتوار 12 مارچ 2017 22:01

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 مارچ2017ء)سینئر وزیر حاجی اکبر تابان نے کہا ہے کہ سکردو شہر میں اگلے ماہ سے لوڈ شیڈینگ میں بہتری آئے گی ،شہری علاقوں میں اس وقت 18سے 22گھنٹے بجلی دی جارہی ہے جبکہ مضافاتی علاقوں میں لوڈ شیڈینگ بالکل ختم کر دی گئی ہے ۔کچورا میں زیر تعمیر بجلی گھر سے 2میگاواٹ بجلی بھی جلد سسٹم میں شامل ہوگا جس سے سکردو شہر میں بھی لوڈ شیڈینگ ختم ہو گی ۔

شہر میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے واپڈا پاور ہائوسز میں فرض شناس انجینئرز کو ڈیوٹی پر مامور کیا جارہا ہے اور فنی خرابی کو دور کرنے کیلئے دن رات محنت کی اور وفاقی حکومت سے خصوصی گرانٹ لیکر پاور ہائوسز کے فنی خرابی کو دور کیا اور بجلی فراہم کی مخالفین بے جا تنقید کر کے ہمارے کام میں رکائوٹ ڈال رہے ہیں شغر تھنگ میں 24میگاواٹ جیسے میگا پراجیکٹ کو آئندہ سال PSDPمیں شامل کیا جارہا ہے جس سے پورے علاقے میں بجلی کی کمی پوری ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

ہر پو میں 34میگاواٹ اور غواڑی میں 20میگاواٹ بجلی کو بھی جلد تعمیر کیاجارہا ہے اس سال جون تک کئی اور اہم منصوبوں کا فیزیبلٹی رپورٹ تیار کیا جارہا ہے جن میں سدپارہ ڈیم پر 4میگاواٹ اور سرمک میں بجلی گھر اور سکردو شہر میں مقپو ن برج ایریا میں 4میگاواٹ کیلئے فیزیلبٹی تیار کی جارہی ہے ۔سکردو میں بجلی کی منصفانہ تقسیم کیلئے پالیسی وضع کی جا رہی ہے ۔

وزیر اعلیٰ جی بی سکردو کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ان کی پوری توجہ سکردو پر بھی ہے جس میں وزیر اعلیٰ نے 25کروڑ کا خصوصی گرانٹ دیا جس سے سکردو ائیرپورٹ سے سکردو سڑک کو ایکسپریس وے بنایا جائے گا ۔25کروڑ کی لاگت سے شہر کی تمام سڑکیں میٹل کر رہے ہیں چھومک پل پر کام زور سے جاری ہے جس پر ٹھیکیدار کے ساتھ ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں اور کر تے رہیں گے۔

وزیر اعلیٰ کے خصوصی دلچسپی سے سکردو میں بھی گلگت کی طرح ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اپریل میں کام شروع کریگی جس میں میرٹ پر بھرتیاں کی جائے گی اور معقول تنخواہ پر لوگوں کو تعینات کیا جائے گا۔ویسٹ مینجمنٹ کیلئے 26گاڑیاں سکردو میں پہنچ رہی ہیں جس سے سکردو شہر میں صفائی کا نظام بہتر ہوگا ۔ہماری حکومت ہر شعبے میں سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں اور پندرہ بیس سالوں کیلئے میگا پراجیکٹس بنا رہے ہیںاور سکردو گلگت روڈ پر جلد کام شروع ہو گا ۔