مسلم لیگ (ن )گلگت بلتستان کے مختلف ونگز کے صوبائی اور مرکزی عہدیداروں کا اہم اجلاس

اتوار 12 مارچ 2017 22:01

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے مختلف ونگز کے صوبائی عہدیداروںاور مسلم لیگ ن کے مرکزی عہدیداروں کا ایک اہم اجلاس سنٹرل سیکریٹریٹ گلگت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس کی صدارت ایم ایس ایف کے صوبائی صدر رضوان راٹھور ، یوتھ ونگ کے صوبائی صدر شہزادہ حسین مقپون اور لیبر ونگ کے صوبائی صدر سلامت جان نے کی۔

اجلاس میں شہید امن سیف الرحمن خان کی پندرویں برسی کے جلسہ کیلئے مختلف کمیٹیز تشکیل دینے کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ۔اس سلسلے میں حلقہ ایک دو اور تین میں عوامی رابطہ مہم کیلئے اکیس کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ میڈیا کوریج کیلئے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ مذکورہ کمیٹیاں13مارچ 2017سے انیس مارچ کے سالانہ جلسہ کیلئے مختلف انتظامات کو حتمی شکل دینگی ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے رہنمائوں نے شہید امن کے سالانہ جلسہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید امن سیف الرحمن خان گلگت بلتستان میں مستحکم امن کا وہ ورثہ ہے جس نے ہماری نسلوں کو نفرت اور فرقہ واریت سے نجات دلانے کیلئے اپنی جان قربان کر دی۔ آج زندہ قوموں کی طرح یہ ہماری ذمہ دار ی ہے کہ ہم بحیثیت من حیث القوم انسانیت کے اس شہید کو بھر پور خراج عقیدر پیش کرنے کیلئے انیس مارچ کے جلسہ میں اپنی شمولیت کو یقینی بنائیں ۔

مقررین نے کہا کہ یہاں سیاسی و مذہبی جلسے تو ہوتے رہتے ہیں لیکن شہید سیف الرحمن کا جلسہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کیلئے باعث تقلید ہے ۔ مقررین نے کہا کہ جب گلگت فرقہ واریت کے آگ میں جھلس رہا تھا ا سوقت اس مرد مومن نے ہماری نسلوں کیلئے ایک ایسی قربانی دی ہے جسے تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکتی ۔ شہید سیف الرحمن خان کا جلسہ امن سے تجدید عہد کا جلسہ ہے ۔

مقررین نے گلگت بلتستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایک بہتر اور پر امن مستقبل کیلئے عوام کو جوق درجوق انیس مارچ کے اس امن جلسہ میں شرکت کرنی چاہئیے تاکہ ہم ایک متحد قوم بن کر دہشتگردی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کر سکیں ۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما شمس میر ، حاجی عابد علی بیگ ، محمد اشفاق ، برکت جمیل ، احسان علی ، ملک افتخار ، فاروق میر ، عطاء الرحمن ، اورنگزیب ایڈووکیٹ ، محمد یاسین ، ارشاد احمد ، مسعود الرحمن ، ریاض احمد، عادل حسین ، فیض اللہ فراق ، ریاض احمد ، عمران میر ، ارشاد عالم ، سید ظفر اقبال ، محمد یونس ، صابر جان ، امجد حسین ، تاج محمد ، کمال حسین ، جاوید حسین ، یاسر عرفان ، برہان الدین ، عالم اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔