محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی پوسٹوں میں میرٹ کی دھجیاں اُڑادی گئی ہیں،میر عاصم کرد گیلو

قرعہ اندازی کرکے پوسٹیں تقسیم کی گئیں جو نا انصافی ہے،منسوخ نہ کی گئیں تو سخت احتجاج کیاجائیگا، رکن بلوچستان اسمبلی

اتوار 12 مارچ 2017 22:01

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو نے کہا ہے کہ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی پوسٹوں میں میرٹ کی دھجیاں اُڑادی گئی ہیں ،قرعہ اندازی کرکے پوسٹیں تقسیم کی گئیں جو سراسر نا انصافی ہے انہیں فوری طور پر منسوخ نہ کیا گیا تو سخت احتجاج کیا جائیگا۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو نے کہا کہ میں نے ان پوسٹوں کی قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کا معاملہ بلوچستان اسمبلی میں بھی اُٹھایا لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی جو کہ قابل مذمت بات ہے۔

مستحقین کی حق تلفی کرنے کے باوجود متعلقہ لوگ ٹس سے مس نہیں ہورہے آئین پاکستان میں اس بات کی ضمانت دی گئی ہے کہ پوسٹوں میں5 فیصد اقلیت اور5 فیصد معذوروں کا بھی کوٹہ ہوگا لیکن یہاں اُسے بھی نظر انداز کیا گیا اسی طرح ضلع دار پوسٹوں کی تقسیم بھی نہیں کی گئی اور ہمارے حلقوں کے عوام کی بھی حق تلفی کی گئی جو کہ سراسر نا انصافی ہے۔

(جاری ہے)

میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء الله خان زہری کے سامنے بھی اس نا انصافی کو رکھوں گا اور احتجاج کروں گا۔

اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان بھرتیوں کو منسوخ کیا جائے اور ازسر نو میرٹ کی بنیاد پر منصفانہ طریقے سے ان پوسٹوں پر بھرتیاں کی جائیں اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم نہ صرف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے بلکہ سخت سے سخت احتجاج کا حق بھی استعمال کریں گے ہم عوام کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :