روپوال تا بھگوال سڑک کی بحالی اور کشادگی کو ریکارڈ چھ ماہ کے اندر مکمل کیا گیا ہے

رکن پنجاب اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ کا قصبہ روپوال میں جلسے عام سے خطاب

اتوار 12 مارچ 2017 21:51

چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2017ء) روپوال تا بھگوال سڑک کی بحالی اور کشادگی کو ریکارڈ چھ ماہ کے اندر مکمل کیا گیا ہے۔ یہ بات رکن پنجاب اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے قصبہ روپوال میں بڑے جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کارپٹ روڈ پر سات کروڑ 74لاکھ روپے کی رقم خرچ ہوئی ہے اور اس کا آغاز17جون 2016کو کیا گیا تھا اور یہ ریکارڈ چھ ماہ کے اندر مکمل ہوئی ہے۔

سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے مزید کہا کہ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت ان کے حلقے میں سڑکوں کے کئی دیگر منصوبے بھی زیر تکمیل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اوڈھروال تا نیلہ روڈ کا باقی کام بھی انشاء اللہ تیس جون تک مکمل ہو جائے گا۔ سردار ذوالفقار علی خان دلہہ کو ایک بڑے جلسے کی شکل میں قصبہ بھگوال سے روپوال لایا گیا اور اس موقع پر سردار ذوالفقار علی خان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔

(جاری ہے)

جلسے سے خطاب کرنے والوں میں سردار ممتاز ٹمن ایم این اے کی طرف سے ملک امیر خان ٹمن، چوہدری زبیر ایڈووکیٹ،فاروق اعظم، ڈاکٹر مناظر ، پروفیسر غلام محمد چاولی اور سردار علی رضا نے خطاب کیا اور علاقے کو درپیش متعدد مسائل کی نشاندہی کی۔ منتظمین میں سردار علی رضا، ڈاکٹر مناظر حسین، شاہ ولی خان، چوہدری محمد زبیر ایڈووکیٹ ،ملک ظفر اقبال شریال اور چوہدری فہیم بھٹہ شامل تھے، جنہوں نے اس جلسے کے شاندار انتظامات کیے تھے۔