مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی دونوں عدم برداشت کے شکار ہیں،چوہدری منظور احمد

جمہوریت شہید بینظیر بھٹو کی عظیم قربانی کا نتیجہ ،پارٹی جمہوریت کا دفاع کر رہی ہے اور کرتی رہے گی، سیکرٹری اطلاعات

اتوار 12 مارچ 2017 20:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات چوہدری منظور احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی دونوں عدم برداشت کے شکار ہیں۔ یہ رویہ معاشرے اور جمہوریت کے لئے نقصان دہ ہے۔ اپنے ایک بیان میں پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ابھی تک آمر ضیا کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔

اس طرح کے رویے جمہوری رویوں کی نفی کر رہے ہیں۔ اگر ماڈل ٹائون لاہور جیسا واقعہ سندھ میں ہوتا تو ناصرف حکومت برطرف کی جاتی بلکہ وزیراعلیٰ، وزیر داخلہ، وزیر قانون اور آئی جی سندھ پولیس جیل میں ہوتے بلکہ سزا بھی پا چکے ہوتے۔ چوہدری منظور نے کہا کہ یہ جمہوریت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی عظیم قربانی کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کا دفاع کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے صبر، برداشت اور مفاہمت کی پالیسی اختیار کی تاکہ جمہوریت کو استحکام ملے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت پرست آصف علی زرداری کی وجہ سے آج مسلم لیگ(ن) کی حکومت باقی ہے ورنہ 2014ء کا دھرنا نواز حکومت کو لے ڈوبتا۔ چوہدری منظور نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کے مخالفین کو سرپرائز دیں گے اور ثابت کریں گے کہ پنجاب پیپلزپارٹی کا قلعہ تھا اور ابھی بھی ہے۔