کراچی ، عوامی کالونی پولیس نے ٹارگٹ کلنگ ،دہشت گردی میں ملوث خطرناک دہشت گرد کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا

دہشت گرد نے اسلحہ چلانے کی ٹریننگ لی اور مذہبی و لسانی فسادات کرانے کے ٹاسک پر ٹارگٹ کلنگ کرتا رہا

اتوار 12 مارچ 2017 20:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2017ء) عوامی کالونی پولیس نے ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی میں ملوث خطرناک دہشت گرد کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ دہشت گرد نے اسلحہ چلانے کی ٹریننگ لی اور مذہبی و لسانی فسادات کرانے کے ٹاسک پر ٹارگٹ کلنگ کرتا رہا ۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ضلع کورنگی نعمان صدیقی کے خصوصی ٹاسک پر ایس پی لانڈھی ڈویثرن محمد عارف اسلم رائو کی نگرانی میں ایس ایچ او عوامی کالونی غلام رسول نے پولیس پارٹی کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر علاقے میں کامیاب کاروائی کرکے خطرناک دہشت گرد انور علی ولد محمد عبدالحفیظ کو گرفتار کرکے پستول ، ایک میگزین اور تیس کارتوس برآمد کرکے ملزم کے خلاف مقدمہ الزام نمبر79/2017 بجرم دفعہ23(1)Aسندھ آرمزایکٹ درج کر لیا۔

گرفتار دہشت گرد انور علی دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں اور مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا ۔

(جاری ہے)

گرفتار دہشت گرد نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ اس نے ملنے والے ٹاسک پر مذہبی و لسانی فسادات کرانے کے لئے مذہبی جماعتوں و تنظیموں سیاسی و لسانی بنیادوں پر کراچی کے مختلف علاقوں میں متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی اور کئی افراد کو فائرنگ کرکے زخمی بھی کیا ۔

گرفتار دہشت گرد نے لوگوں کو اغواہ کرکے قتل کرنے کے بعد لاشیں پھینکنے کا انکشاف بھی کیا ۔گرفتار دہشت گرد ٹارگیٹ کلنگ ،دہشت گردی ،اقدام قتل،بھتا خوری سمیت درجنوں دیگر جرائم میں بھی ملوث ہے۔ اور پولیس کو مطلوب تھا۔ گرفتار دہشت گرد کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔ گرفتار دہشت گرد نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سپا ہ صحابہ کے کارکن کی اورنگی ٹائون میں کلنگ کی جبکہ خیبر پختون خواہ میں اسلحہ چلانے کی ٹریننگ حاصل کی۔

ملزم نے انکشاف کی کہ 2001میں وہ رائیونڈ تبلیغی جماعت میں گیا جہاں اس کی کچھ لوگوں سے ملاقات ہوئی جو اسے مقبوضہ کشمیر میں جہاد کے لئے بھیجنا چاہتے تھے لیکن میں گھبرا گیا اور کراچی واپس آگیا۔ گرفتار ملزم نے مزید سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں ۔مزید تفتیش جاری ہے۔